اسلام آباد: فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے ٹیکس سال 2026 کے لیے انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی آخری تاریخ میں مزید توسیع کرتے ہوئے 31 اکتوبر 2026 مقرر کر دی ہے۔
اس حوالے سے ایف بی آر نے جمعرات، 15 اکتوبر کو باضابطہ سرکلر جاری کیا۔
نئی توسیع کا اطلاق ان ٹیکس دہندگان پر ہوگا جن کے لیے گوشوارے جمع کرانے کی ابتدائی آخری تاریخ 30 ستمبر مقرر کی گئی تھی، جسے بعد میں بڑھا کر 15 اکتوبر کر دیا گیا تھا۔
ایف بی آر کے ان لینڈ ریونیو ونگ کی جانب سے جاری کردہ سرکلر نمبر 04 برائے 2026-27 کے مطابق یہ فیصلہ انکم ٹیکس آرڈیننس 2001 کی دفعہ 214 اے کے تحت کیا گیا ہے۔
ایف بی آر کا کہنا ہے کہ آخری تاریخ میں مزید توسیع مختلف تجارتی تنظیموں اور ٹیکس بار ایسوسی ایشنز کی درخواستوں پر کی گئی ہے، جنہوں نے ٹیکس دہندگان کو گوشوارے جمع کرانے کے لیے مزید وقت دینے کا مطالبہ کیا تھا۔
واضح رہے کہ انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی ابتدائی آخری تاریخ 30 ستمبر تھی، جسے پہلے 15 اکتوبر تک بڑھایا گیا تھا۔ اب دوسری مرتبہ توسیع کرتے ہوئے نئی تاریخ 31 اکتوبر مقرر کی گئی ہے۔
تجارتی تنظیموں اور ٹیکس ماہرین نے انکم ٹیکس ریٹرن فارم کے اجرا میں تاخیر، ایف بی آر کے آن لائن آئرس پورٹل میں تکنیکی خرابیوں اور ویب سائٹ پر غیر معمولی دباؤ کے باعث گوشوارے جمع کرانے میں مشکلات کی نشاندہی کی تھی۔
کراچی ٹیکس بار ایسوسی ایشن نے بھی متعلقہ حکام کو درخواست ارسال کی تھی، جس میں آن لائن نظام کی مسلسل تکنیکی خرابیوں اور ضروری نوٹیفکیشنز کے اجرا میں تاخیر سمیت مختلف مسائل کی نشاندہی کی گئی تھی۔
اس سے قبل فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر عاطف اکرام شیخ نے بھی کاروباری برادری اور انفرادی ٹیکس دہندگان کی سہولت کے لیے آخری تاریخ 31 اکتوبر تک بڑھانے کا مطالبہ کیا تھا۔
ڈان کی رپورٹ کے مطابق سرکاری اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ 14 اکتوبر تک تقریباً 67 لاکھ 10 ہزار انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرائے گئے، جبکہ گزشتہ سال اسی مدت کے دوران یہ تعداد 49 لاکھ 90 ہزار تھی۔
اس طرح انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی شرح میں گزشتہ سال کے مقابلے میں 34.38 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
اسی عرصے کے دوران گوشواروں کے ساتھ جمع کرائی گئی ٹیکس کی رقم 66 ارب 81 کروڑ روپے تک پہنچ گئی، جو گزشتہ سال کی اسی مدت میں 58 ارب 29 کروڑ روپے تھی۔ اس طرح ٹیکس وصولیوں میں 14.61 فیصد اضافہ ہوا۔
غیر تنخواہ دار افراد، جن میں تاجر، دکاندار اور خود روزگار پیشہ ور افراد شامل ہیں، کے جمع کرائے گئے گوشواروں میں 46.35 فیصد اضافہ ہوا، جبکہ تنخواہ دار افراد کے گوشواروں میں 16.16 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
ایف بی آر کے تازہ فیصلے کے بعد متعلقہ ٹیکس دہندگان کو اپنے انکم ٹیکس گوشوارے آن لائن جمع کرانے کے لیے 31 اکتوبر تک مزید مہلت مل گئی ہے۔





