اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو نئے صوبوں کے قیام یا ممکنہ ریفرنڈم کے معاملے پر سیاسی تعاون کے عوض مستقبل میں ریلیف ملنے کی امید ہے۔ پارٹی ذرائع کے مطابق فی الحال کوئی رعایت نہیں دی جا رہی، تاہم پارٹی سے توقع کی جا رہی ہے کہ وہ تعاون پر مبنی رویہ اختیار کرے گی، اور ایسے اقدامات سے گریز کرے گی جو سیاسی ماحول کو مزید کشیدہ کر سکیں۔
پیشرفت سے آگاہ پی ٹی آئی ذرائع کے مطابق پسِ پردہ رابطوں میں جن توقعات کا اظہار کیا جا رہا ہے، ان میں محاذ آرائی کی سیاست اور کشیدگی بڑھانے والے بیانات یا اقدامات سے گریز شامل ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ چند روز میں ماحول میں آنے والی نسبتاً بہتری، جس میں 2 خواتین کی رہائی بھی شامل ہے، کو کشیدگی کم کرنے کی کوششوں کے تناظر میں دیکھا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق اگر پارٹی تعاون جاری رکھتی ہے تو مستقبل میں کسی نہ کسی نوعیت کی رعایت کی گنجائش پیدا ہو سکتی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اس کا امکان اس وقت اہمیت اختیار کر سکتا ہے جب مجوزہ صوبوں اور ریفرنڈم سے متعلق معاملات ووٹنگ کے مرحلے تک پہنچیں، اور پی ٹی آئی ان کی حمایت یا ان میں تعاون کرے۔ تاہم ذرائع کے مطابق اب تک کسی مخصوص ریلیف پیکیج کی تفصیلات طے نہیں ہوئیں، اور یہ بھی واضح نہیں کہ کن رعایتوں پر غور کیا جا سکتا ہے۔
ذرائع نے عندیہ دیا کہ کسی بھی ممکنہ ریلیف کا دائرہ بانی پی ٹی آئی عمران خان اور وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی تک نہیں بڑھے گا، اور دونوں کے معاملات کسی بھی ممکنہ مفاہمت سے باہر رہیں گے۔ ذرائع کے مطابق بشریٰ بی بی اور علیمہ خان سمیت پارٹی کی دیگر شخصیات کے بارے میں صورتحال تاحال واضح نہیں۔
ذرائع نے زور دیا کہ اس صورتحال کو کسی طے شدہ سیاسی معاہدے یا رعایتوں کی باضابطہ پیشکش کے طور پر نہیں دیکھا جانا چاہیے۔
پی ٹی آئی یا حکومت کی جانب سے اس حوالے سے کوئی باضابطہ مؤقف سامنے نہیں آیا۔





