پشاور: خیبرپختونخوا کے تین اضلاع مہمند، ٹانک اور خیبر میں پولیس تنصیبات پر حملوں کے واقعات رپورٹ ہوئے ہیں، ٹانک میں تھانہ سٹی پر ڈرون حملے کے نتیجے میں دو پولیس اہلکار زخمی ہوگئے، جبکہ مہمند اور جمرود میں پولیس پوسٹوں اور چیک پوسٹ کو نشانہ بنایا گیا۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق ضلع مہمند کی تحصیل امبار میں ڈی چوک پولیس پوسٹ پر شام 6 بج کر 40 منٹ پر نامعلوم مسلح افراد نے چھوٹے اور بھاری ہتھیاروں سے فائرنگ کی۔ پولیس اہلکاروں نے جوابی کارروائی کی، تاہم واقعے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
مہمند ہی کی تحصیل پنڈیالی کے علاقے تمانزوں یحڈنڈ بازار میں شام 6 بج کر 36 منٹ پر 8 سے 9 مسلح مشتبہ افراد نے پولیس پوسٹ پر فائرنگ کی۔ پولیس کی جانب سے بھی جوابی فائرنگ کی گئی، تاہم اس واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
ادھر ضلع ٹانک میں تھانہ سٹی کو ڈرون حملے کا نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں دو پولیس اہلکار زخمی ہوگئے۔
ضلع خیبر کی تحصیل جمرود میں تختہ بیگ جوائنٹ چیک پوسٹ پر بھی حملے کی اطلاعات ہیں، جہاں دو اطراف سے شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔





