کراچی: متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان نے 29 نومبر کو کراچی میں ہونے والی اپنی ریلی منسوخ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ریلی کی نئی تاریخ کا اعلان دسمبر میں کیا جائے گا۔ ایم کیو ایم رہنماؤں نے الزام عائد کیا کہ سندھ حکومت انتظامی یونٹس کے قیام کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کر رہی ہے، اور پیپلز پارٹی سندھودیش کے نعرے لگانے والوں اور اپنی پراکسیز کی سرپرستی کر رہی ہے۔
ایم کیو ایم کے سینئر رہنماؤں ڈاکٹر فاروق ستار اور وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے پارٹی کے ارکانِ اسمبلی کے ہمراہ بہادرآباد میں پریس کانفرنس کی۔ فاروق ستار نے کہا کہ کمشنر کراچی نے ایم کیو ایم کو اس کے جمہوری حق سے محروم کیا، جس کی وجہ سے پارٹی کو ریلی منسوخ کرنا پڑی۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر امن و امان کے خدشات تھے، تو سندھ حکومت کو 29 نومبر کو تمام جماعتوں کی ریلیوں پر یکساں پابندی لگانی چاہیے تھی، اور صرف ایم کیو ایم کی سرگرمی روکنا امتیازی اور غیر منصفانہ فیصلہ ہے۔
فاروق ستار نے کہا کہ پارٹی نے سیاسی استحکام اور امن و امان کے وسیع تر مفاد میں حکومتی فیصلہ قبول کیا، کیونکہ پابندی کی خلاف ورزی کر کے ریلی نکالنے کی صورت میں کسی ناخوشگوار واقعے کا الزام ایم کیو ایم پر آ سکتا تھا۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کے امن اور کاروباری سرگرمیوں کو نقصان سے بچانے کے لیے ریلی منسوخ کی گئی۔
دہشت گردی کے خطرے کی نشاندہی کی گئی تھی، مصطفیٰ کمال
مصطفیٰ کمال نے ریلی ملتوی کرنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی رپورٹ میں دہشت گردی کے خطرے کی نشاندہی کی گئی تھی، اور اسی روز سندھودیش کے نعرے لگانے والی جماعتوں کی ریلی کی وجہ سے تصادم کا خدشہ بھی تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر کسی ایک شہری کی جان کو بھی خطرہ ہو، تو وہ ریلی کی تاریخ 10 مرتبہ بھی تبدیل کرنے کو تیار ہیں۔
مصطفیٰ کمال نے بلاول بھٹو کے کراچی، حیدرآباد اور دیگر شہروں میں خون بہنے سے متعلق بیان پر تشویش ظاہر کی، اور کہا کہ اس بیان کو انتہائی سنجیدگی سے لیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بلاول نے جن شہروں کا نام لیا، وہاں اردو بولنے والوں کی بڑی آبادی ہے، اور یہ بیان انہی کے تناظر میں دیکھا جا رہا ہے۔ انہوں نے 27 دسمبر 2007 کو بے نظیر بھٹو کی شہادت کے بعد کراچی میں ہونے والے ہنگاموں کا حوالہ دیتے ہوئے دعویٰ کیا کہ ان دنوں سیکڑوں گاڑیاں اور 100 سے زائد بینک نذرِ آتش کیے گئے، اور اردو بولنے والوں کی املاک کو چن چن کر نشانہ بنایا گیا۔
انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کراچی میں آباد کسی قومیت کو اپنا مخالف نہیں سمجھتی، اور شہر میں اصل تقسیم زبان یا نسل کی بنیاد پر نہیں، بلکہ ظالم اور مظلوم کے درمیان ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آئندہ ریلی میں ہر قومیت اور طبقے کے افراد شریک ہوں گے۔
انتظامی یونٹس اور ریفرنڈم
فاروق ستار نے کہا کہ انتظامی یونٹس کا قیام سندھ کی جغرافیائی تقسیم کا منصوبہ نہیں، بلکہ انتظامی بوجھ کم کرنے اور عوام کو سہولیات فراہم کرنے کی کوشش ہے۔ ان کے مطابق اس معاملے پر آئین کے آرٹیکل 48(6) کے تحت ریفرنڈم کرایا جا سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ 8 کروڑ آبادی کا صوبہ سندھ پیپلز پارٹی 18 سالہ حکمرانی کے باوجود بہتر انداز میں نہیں چلا سکی۔
فاروق ستار نے الزام عائد کیا کہ 22 نومبر کی ایک ریلی میں ملک مخالف نعرے لگائے گئے، اور جئے سندھ متحدہ محاذ کا پرچم لہرایا گیا، لیکن سندھ حکومت نے کوئی کارروائی نہیں کی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ کی جانب سے تحقیقات کا اعلان کافی نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم نے 4 ستمبر کو سندھ اسمبلی میں سندھودیش کے قیام کے خلاف قرارداد جمع کرائی تھی، جو منظور نہیں کی گئی۔
مصطفیٰ کمال نے یہ الزام بھی عائد کیا کہ سندھ حکومت کے ایک افسر نے ورلڈ بینک کے 8 ارب روپے غبن کیے، جس کے بعد بینک نے فنڈنگ روک دی۔
پیپلز پارٹی یا سندھ حکومت کی جانب سے ایم کیو ایم کے الزامات پر تاحال کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔
واضح رہے کہ کمشنر کراچی نے پولیس کی سفارش پر ایم کیو ایم کو شاہراہ فیصل اور مزارِ قائد پر ریلی کی اجازت دینے سے انکار کر دیا تھا۔ محکمہ داخلہ سندھ کے ذرائع کے مطابق اسی روز جلسے کی درخواست سندھ ترقی پسند پارٹی نے ایک ماہ قبل دی تھی، جبکہ ایم کیو ایم کی درخواست صرف 3 روز قبل موصول ہوئی تھی۔





