خیبر پختونخوا کے ضلع ہنگو میں سی ٹی ڈی اور ڈسٹرکٹ پولیس کی مشترکہ کارروائی کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں اتحاد المجاہدین پاکستان سے تعلق رکھنے والے 3 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔
سی ٹی ڈی کے مطابق کارروائی تھانہ صدر کی حدود میں کمپنی روڈ، نیلم پہاڑ کے قریب انٹیلی جنس اطلاعات پر کی گئی۔ پولیس اور سی ٹی ڈی کی ٹیمیں موقع پر پہنچیں تو مبینہ دہشت گردوں نے فائرنگ شروع کردی، جس پر اہلکاروں نے جوابی کارروائی کی۔
محکمہ انسداد دہشت گردی کے مطابق فائرنگ کا تبادلہ تقریباً 35 سے 40 منٹ جاری رہا، جس کے بعد علاقے میں سرچ آپریشن کے دوران تین دہشت گردوں کی لاشیں ملیں۔ کارروائی کے دوران ایک سرکاری گاڑی بھی گولیوں سے متاثر ہوئی۔
ہلاک ہونے والوں میں ایک دہشت گرد کی شناخت خلفان احمد ولد نظیر احمد، سکنہ بنوں، کے نام سے ہوئی ہے، جبکہ دیگر دو کی شناخت کا عمل جاری ہے۔
سی ٹی ڈی کا دعویٰ ہے کہ خلفان احمد پولیس پر متعدد دہشت گرد حملوں میں ملوث اور مطلوب تھا۔ وہ ڈی ایس پی دیار خان سمیت 10 پولیس اہلکاروں کی شہادت اور 15 سے زائد اہلکاروں کو زخمی کرنے کے واقعات میں بھی ملوث تھا۔
کارروائی کے دوران ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے تین ایس ایم جیز اور نو میگزین برآمد کیے گئے، جبکہ فائرنگ کے دوران ان کے بعض ساتھی فرار ہوگئے، جن کی تلاش کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔





