پشاور/اسلام آباد: خیبرپختونخوا میں گورنر راج کے خاتمے کی صورت میں علی امین گنڈاپور کو دوبارہ وزیراعلیٰ بنانے کے لیے سیاسی کوششیں آخری مراحل میں داخل ہونے کا دعویٰ کیا جا رہا ہے۔
باخبر ذرائع کے مطابق علی امین گنڈاپور کا نام دوبارہ وزارتِ اعلیٰ کے لیے فائنل کر لیا گیا ہے، جبکہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے آئندہ ملاقات میں انہیں موجودہ زمینی حقائق کی روشنی میں علی امین گنڈاپور کا نام پیش کرنے پر اتفاق کیا گیا ہے۔
ذرائع کا دعویٰ ہے کہ نئے صوبوں کے قیام کے معاملے پر عمران خان کی حمایت حاصل کرنے اور اس کے نتیجے میں خیبرپختونخوا سے گورنر راج کے خاتمے کے لیے بھی مشاورت جاری ہے۔ ذرائع کے مطابق صوبے کے معاملات آئندہ علی امین گنڈاپور کے ذریعے چلانے کی تجویز بھی زیرِ غور ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ گزشتہ روز اسلام آباد میں علی امین گنڈاپور اور چند اہم مقتدر شخصیات کے درمیان خفیہ ملاقات ہوئی، جس میں شیر افضل مروت بھی شریک تھے۔ ذرائع کے مطابق اس نوعیت کے رابطوں اور ملاقاتوں کا سلسلہ گزشتہ ایک ماہ سے جاری ہے۔
ذرائع کے مطابق علی امین گنڈاپور ان رابطوں کے سلسلے میں ڈیرہ اسماعیل خان میں مبینہ نظر بندی سے نکل کر اسلام آباد میں قیام پذیر ہیں،
ذرائع کا کہنا ہے کہ گورنر راج کے خاتمے اور علی امین گنڈاپور کی دوبارہ وزارتِ اعلیٰ کے حوالے سے آئندہ سیاسی مشاورت اہم قرار دی جا رہی ہے۔





