رحیم یار خان: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ وہ پنجاب کے 4 ٹکڑے کرنے کے حق میں نہیں، تاہم جنوبی پنجاب کو الگ صوبہ بنانے کے حق میں ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ اپنا صوبہ کسی بیک ڈور ذریعے سے نہیں بنائیں گے۔
رحیم یار خان میں عوامی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ وہ صرف جنوبی پنجاب کے صوبے کی حد تک بات مانتے ہیں، کیونکہ پنجاب اسمبلی اور جنوبی پنجاب کے عوام خود الگ صوبہ چاہتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ اس معاملے کو متنازع نہیں بننے دیں گے، اور اگر پنجاب کے عوام اور اسمبلی کوئی آئینی و جمہوری فیصلہ کریں تو پیپلز پارٹی ان کے ساتھ ہوگی۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ ملک اس وقت شدید معاشی مشکلات سے گزر رہا ہے، اور ایسے وقت میں نفرت کی سیاست کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے سیاسی مخالفین سے کہا کہ یہ وقت نفرت اور انتقام کی سیاست کا نہیں، بلکہ مل کر عوامی مسائل حل کرنے کا ہے۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی غریب عوام کی جماعت ہے، اور ماضی کی طرح اس مشکل وقت میں بھی عوام کو تنہا نہیں چھوڑے گی۔ انہوں نے کہا کہ وہ جمہوری لوگ ہیں، اور ان کی جمہوری جدوجہد کامیاب ہوگی۔
واضح رہے کہ جنوبی پنجاب کو الگ صوبہ بنانے کا مطالبہ پیپلز پارٹی کے منشور کا دیرینہ حصہ رہا ہے، جبکہ حالیہ دنوں میں پنجاب کو انتظامی بنیادوں پر مزید حصوں میں تقسیم کرنے کی تجاویز زیرِ بحث ہیں۔





