کراچی: متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان نے کمشنر کراچی کی جانب سے اجازت نہ ملنے کے بعد کل اتوار 29 نومبر کو شاہراہ فیصل پر ریلی اور جلسہ منسوخ کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ پارٹی ذرائع کے مطابق حتمی فیصلے کا اعلان آج بہادرآباد میں پریس کانفرنس میں کیا جائے گا۔
کمشنر آفس کے مطابق پولیس حکام نے مزارِ قائد اور شاہراہ فیصل پر ریلی کی اجازت نہ دینے کی سفارش کی تھی، اور ان سفارشات کی روشنی میں اجازت نہیں دی جا سکتی۔ کمشنر آفس نے ایم کیو ایم کو ریلی سے متعلق نئی تجویز جمع کرانے کی ہدایت کی ہے۔ پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر جلسہ منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
محکمہ داخلہ سندھ کے ذرائع کے مطابق 29 نومبر کو جلسے کی درخواست سندھ ترقی پسند پارٹی (ایس ٹی پی) نے ایک ماہ قبل دی تھی، جبکہ ایم کیو ایم کی درخواست صرف 3 روز قبل موصول ہوئی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ممکنہ ٹکراؤ کے خدشے کی وجہ سے ایک ہی روز دونوں جماعتوں کو اجتماعات کی اجازت نہیں دی جا سکتی تھی۔ محکمہ داخلہ نے ایم کیو ایم کو کسی اور دن ریلی منعقد کرنے، یا اس کا روٹ تبدیل کرنے کی تجویز بھی دی تھی۔
واضح رہے کہ اس سے قبل پیپلز پارٹی کے رہنماؤں نے ایم کیو ایم سے ملاقات میں 29 نومبر کی ریلی ملتوی کرنے کی درخواست کرنے کا اعلان کیا تھا۔





