سوات: پاک فوج اور فرنٹیئر کور نارتھ کے زیر اہتمام سوات پریمیئر کرکٹ لیگ سیزن 8 کا افتتاح مینگورہ کے گراسی گراؤنڈ میں کر دیا گیا۔ ٹورنامنٹ کا مقصد نوجوانوں کو کھیلوں کی مثبت سرگرمیوں کی طرف راغب کرنا، مقامی کرکٹ ٹیلنٹ کو سامنے لانا اور علاقے میں کھیلوں کو فروغ دینا ہے۔
افتتاحی تقریب میں قومی کرکٹ ٹیم کے سابق اسٹار کھلاڑی عبدالرزاق، انسپکٹر جنرل فرنٹیئر کور خیبرپختونخوا نارتھ، علاقائی مشران، تاجر برادری، نوجوانوں اور میڈیا نمائندگان نے شرکت کی۔
منتظمین کے مطابق سوات پریمیئر کرکٹ لیگ مالاکنڈ ڈویژن کا ایک بڑا کھیلوں کا ایونٹ ہے، جس میں ملک بھر سے نامور کرکٹرز حصہ لے رہے ہیں۔ لیگ کے ذریعے مقامی کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار اور قومی سطح کے کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلنے کے مواقع میسر آئیں گے۔
ٹورنامنٹ کے مقابلے 11 دسمبر تک جاری رہیں گے، جس کے دوران شائقین کرکٹ کو دلچسپ اور سنسنی خیز میچز دیکھنے کو ملیں گے





