ایپوہ: سلطان اذلان شاہ ہاکی کپ میں پاکستان نے مسلسل دوسری کامیابی حاصل کرتے ہوئے امریکا کو ایک کے مقابلے میں پانچ گول سے شکست دے دی ہے۔
ملائیشیا کے شہر ایپوہ میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان کی جانب سے سفیان خان، محمد احمد، ابوبکر، رانا وحید اور حنان شاہد نے ایک ایک گول کیا۔ پاکستان نے دوسرے کوارٹر میں دو گول کر کے برتری حاصل کی، پھر تیسرے کوارٹر میں ایک اور آخری کوارٹر میں مزید دو گول کیے۔
پاکستان نے اپنے افتتاحی میچ میں کینیڈا کو بھی ایک کے مقابلے میں پانچ گول سے ہرایا تھا۔ قومی ٹیم کو لیگ مرحلے میں مزید تین میچ کھیلنے ہیں۔ پاکستان 23 نومبر کو آسٹریلیا، 24 نومبر کو جنوبی کوریا اور 26 نومبر کو میزبان ملائیشیا کا مقابلہ کرے گا۔
ٹورنامنٹ میں پاکستان، آسٹریلیا، ملائیشیا، جنوبی کوریا، امریکا اور کینیڈا سمیت چھ ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔ لیگ مرحلے میں پہلی اور دوسری پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیمیں 28 نومبر کو فائنل کھیلیں گی، اور اسی روز پوزیشنز کے میچز بھی ہوں گے۔





