لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ نے سینٹرل کنٹریکٹ حاصل کرنے والے کرکٹرز کے لیے غیر ملکی لیگز اور ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے کے قواعد طے کر دیے ہیں۔ ٹیسٹ کیٹیگری کے کھلاڑی پی ایس ایل کے علاوہ کسی ٹی 20 لیگ میں شرکت نہیں کر سکیں گے، جبکہ ٹی 20 اسپیشلسٹ کھلاڑیوں کو پی ایس ایل کے ساتھ تین غیر ملکی لیگز کھیلنے کی اجازت ہوگی۔
ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس عاقب جاوید نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ ٹیسٹ اسپیشلسٹ کھلاڑیوں کو انگلش کاؤنٹی چیمپئن شپ کھیلنے کی اجازت ہوگی۔ ان کے مطابق ون ڈے فارمیٹ کے کھلاڑی پی ایس ایل کے ساتھ ایک غیر ملکی لیگ، اور ون ڈے اور ٹی 20 کیٹیگری کے کھلاڑی پی ایس ایل کے ساتھ دو غیر ملکی لیگز کھیل سکیں گے۔
عاقب جاوید نے بتایا کہ ڈیولپمنٹ کیٹیگری کے کھلاڑیوں کی لیگز میں شرکت ان کی ترقی کی ضروریات سے مشروط ہوگی، اور پی سی بی طے کرے گا کہ انہیں کہاں کھیلنے کی ضرورت ہے۔ ان کے مطابق ڈیولپمنٹ کیٹیگری کے کرکٹرز کے لیے این او سی کی کوئی شرط نہیں رکھی گئی۔
ڈومیسٹک کرکٹ کی شرط کے بارے میں ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس نے بتایا کہ ٹیسٹ کیٹیگری کے کرکٹرز کو کم از کم چھ فرسٹ کلاس میچ کھیلنا ہوں گے۔ ٹیسٹ اور ون ڈے کیٹیگری کے کھلاڑیوں کو دو فرسٹ کلاس یا چار ون ڈے میچ، اور ون ڈے اور ٹی 20 کیٹیگری کے کھلاڑیوں کو دو فرسٹ کلاس یا چھ وائٹ بال میچ کھیلنا لازمی ہوگا۔ ٹی 20 کیٹیگری کے کرکٹرز کو آٹھ سے 10 ٹی 20 میچ کھیلنا ہوں گے۔ عاقب جاوید نے بتایا کہ کنٹریکٹ یافتہ کھلاڑیوں کو رقم ڈومیسٹک کرکٹ کی شرط پوری کرنے کے بعد جاری کی جائے گی۔
واضح رہے کہ پی سی بی نے 30 جون 2027 تک کے لیے 38 کرکٹرز کو سینٹرل اور ڈیولپمنٹ کنٹریکٹس دیے ہیں، جن میں بابر اعظم، شاہین شاہ آفریدی اور سلمان علی آغا سمیت 19 کھلاڑی سینٹرل کنٹریکٹ کی چار کیٹیگریز میں شامل ہیں۔





