پشاور: خیبر پختونخوا حکومت نے شہر میں فضائی اور صوتی آلودگی پر قابو پانے اور ٹرانسپورٹ کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے رکشوں کو الیکٹرک گاڑیوں میں تبدیل کرنے کا منصوبہ شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس منصوبے کے تحت روایتی پیٹرول اور گیس سے چلنے والے رکشوں کو الیکٹرک رکشوں میں تبدیل کیا جائے گا تاکہ شہر میں دھویں اور شور کی آلودگی میں کمی لائی جا سکے۔
مشیر بلدیات و ٹرانسپورٹ آصف رفیق کے مطابق رکشہ ڈرائیوروں کو الیکٹرک رکشوں کی جانب منتقل ہونے کی ترغیب دی جا رہی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ روایتی رکشے نہ صرف فضائی آلودگی کا سبب بنتے ہیں بلکہ ان کے شور سے بھی شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے، جبکہ الیکٹرک رکشے نہ دھواں پیدا کریں گے اور نہ ہی روایتی انجن جیسا شور ہوگا۔آصف رفیق نے بتایا کہ ایک عام رکشہ ڈرائیور ماہانہ تقریباً 40 ہزار روپے تک ایندھن پر خرچ کرتا ہے، جبکہ الیکٹرک رکشے پر منتقلی کی صورت میں ماہانہ تقریباً 10 ہزار روپے کی قسط ادا کرکے یہ سہولت حاصل کی جا سکے گی۔ اس طرح رکشہ ڈرائیوروں کے اخراجات میں نمایاں کمی لانے اور ان کی آمدن میں بچت کا موقع فراہم کرنے کی کوشش کی جائے گی۔
مشیر بلدیات و ٹرانسپورٹ نے رکشہ ڈرائیوروں سے اپیل کی کہ وہ روایتی رکشوں کے بجائے الیکٹرک رکشوں کو اپنائیں اور ماحول دوست ٹرانسپورٹ کے فروغ میں حکومت کا ساتھ دیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ابتدائی طور پر یہ منصوبہ پشاور میں متعارف کرایا جائے گا اور اس کی کامیابی اور نتائج کا جائزہ لینے کے بعد اسے خیبر پختونخوا کے دیگر اضلاع تک توسیع دی جائے گی۔
حکومت کے مطابق اس اقدام کا بنیادی مقصد شہری ٹرانسپورٹ کو ماحول دوست بنانا، ایندھن کے اخراجات کم کرنا اور پشاور کو دھویں اور شور سے پاک بنانے کی جانب پیش رفت کرنا ہے





