لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ نے 38 مرد کرکٹرز کے لیے نئے کنٹریکٹس کا اعلان کر دیا ہے، جو 30 جون 2027 تک مؤثر رہیں گے۔ ان میں قومی ٹیم کے 19 کھلاڑیوں کو سینٹرل کنٹریکٹ، اور 19 نوجوان کرکٹرز کو ڈیولپمنٹ کنٹریکٹ دیا گیا ہے۔
ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس عاقب جاوید نے قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن کے ہمراہ لاہور میں پریس کانفرنس میں کنٹریکٹس کی تفصیلات بتائیں۔ انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں کو چار کیٹیگریز میں کنٹریکٹس دیے گئے ہیں، جن میں ٹیسٹ، ون ڈے اور ٹی 20 فارمیٹس کے لیے کھلاڑیوں کے کردار واضح کیے گئے ہیں۔
عاقب جاوید کے مطابق بابر اعظم اور سلمان علی آغا کو ٹیسٹ اور ون ڈے کیٹیگری میں رکھا گیا ہے۔ اذان اویس، محمد عباس، ساجد خان اور سعود شکیل ٹیسٹ کیٹیگری میں شامل ہیں۔ ابرار احمد، عرفات منہاس، فخر زمان، فہیم اشرف، حارث رؤف اور شاہین شاہ آفریدی کو ون ڈے اور ٹی 20 کیٹیگری میں شامل کیا گیا ہے۔ حسن نواز، معاذ صداقت، محمد سلمان مرزا، نسیم شاہ، صاحبزادہ فرحان، شاداب خان اور عثمان طارق ٹی 20 کیٹیگری کا حصہ ہیں۔
ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس نے کہا کہ نوجوان کرکٹرز کی صلاحیتیں نکھارنے اور انہیں بین الاقوامی کرکٹ کے لیے تیار کرنے کے لیے ڈیولپمنٹ کنٹریکٹ متعارف کرایا گیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ کنٹریکٹ ملنے کا مطلب ٹیم میں جگہ کی ضمانت نہیں، اور کھلاڑیوں کا مستقبل ان کی کارکردگی پر منحصر ہوگا۔
عاقب جاوید نے کہا کہ قومی ٹیم کے انتخاب کے لیے صرف سینٹرل کنٹریکٹ کو معیار نہیں بنایا جائے گا، بلکہ کھلاڑیوں کی موجودہ کارکردگی کو اہمیت دی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ نئے نظام کا مقصد کھلاڑیوں کی صلاحیت کے مطابق ذمہ داریاں طے کرنا اور قومی ٹیم کی کارکردگی بہتر بنانا ہے۔





