پشاور: خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور کے گنجان آباد علاقے یکہ توت میں پولیس اور بم ڈسپوزل اسکواڈ نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ایک بند مکان سے ملنے والا 11 کلوگرام وزنی پریشر ککر بم ناکارہ بنا دیا۔
پولیس کے مطابق یہ واقعہ یکہ توت کے علاقے حافظ آباد میں پیش آیا، جہاں تعمیراتی کام کے لیے ایک بند مکان کھولا گیا تو وہاں مشکوک پریشر ککر موجود ہونے کی اطلاع ملی۔
اطلاع ملتے ہی پولیس اور بم ڈسپوزل اسکواڈ کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور مشکوک چیز کا جائزہ لینے کے بعد اسے ناکارہ بنا دیا۔
ایس پی سٹی پشاور شاہد عدنان اور ایس ایچ او یکہ توت ریاض آفریدی کی نگرانی میں بم ڈسپوزل اسکواڈ کے ماہر اہلکاروں نے کارروائی مکمل کی۔
پولیس ترجمان کے مطابق متعلقہ مکان تقریباً پانچ سے چھ ماہ قبل ایک افغان خاندان کو کرائے پر دیا گیا تھا۔ تاہم پولیس نے تاحال اس خاندان کا برآمد ہونے والے بم سے کوئی تعلق ثابت ہونے کی تصدیق نہیں کی۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کا مقدمہ درج کرنے اور مزید قانونی کارروائی کے لیے کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) خیبر پختونخوا کو مراسلہ ارسال کر دیا گیا ہے۔
انسپکٹر جنرل پولیس خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید نے بروقت کارروائی پر پشاور پولیس اور بم ڈسپوزل اسکواڈ کی کارکردگی کو سراہا۔
آئی جی پولیس کے مطابق گنجان آباد علاقے میں بم کو بروقت ناکارہ بنانے سے ممکنہ جانی نقصان سے بچاؤ ممکن ہوا۔
پولیس نے واقعے کے ذمہ دار افراد کی شناخت یا کسی گرفتاری کے بارے میں مزید تفصیلات جاری نہیں کیں۔





