کھٹمنڈو: نیپال میں ماؤنٹ ایورسٹ کے قریب منگل کو لینڈنگ کی کوشش کے دوران دو ہیلی کاپٹروں میں تصادم کے نتیجے میں ایک بھارتی سیاح ہلاک اور دو افراد زخمی ہو گئے، حکام نے تصدیق کی ہے۔
حادثہ مقامی وقت کے مطابق صبح تقریباً 8 بج کر 11 منٹ پر ضلع سولوکھمبو کے علاقے فیریچے میں پیش آیا، جو سطح سمندر سے تقریباً 4 ہزار 200 میٹر کی بلندی پر واقع ہے۔
حادثے میں شامل ہیلی کاپٹر فش ٹیل ایئر اور ڈائنسٹی ایئر کمپنیوں کے زیرِ انتظام تھے۔
حکام کے مطابق حادثے میں ہلاک ہونے والا شخص 47 سالہ بھارتی سیاح تھا، جبکہ زخمی ہونے والوں میں بھارتی نژاد نیوزی لینڈ کا ایک شہری اور نیپال کا ایک پائلٹ شامل ہیں۔
زخمی نیوزی لینڈ کے شہری کو علاج کے لیے ہیلی کاپٹر کے ذریعے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق فش ٹیل ایئر کا ہیلی کاپٹر ایورسٹ کے علاقے سے ریسکیو کیے گئے مسافروں کو لے جا رہا تھا، جبکہ ڈائنسٹی ایئر کا ہیلی کاپٹر سامان کی ترسیل پر مامور تھا۔
دونوں ہیلی کاپٹروں کے درمیان تصادم کی وجہ تاحال معلوم نہیں ہو سکی۔ نیپالی حکام نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
نیپال کے ماؤنٹ ایورسٹ کے علاقے میں ہیلی کاپٹر کوہ پیماؤں اور سیاحوں کی آمدورفت کے ساتھ ساتھ ہنگامی حالات میں لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کے لیے بھی استعمال کیے جاتے ہیں۔
یہ پہاڑی علاقہ انتہائی بلندی پر واقع ہے اور یہاں سڑکوں کی سہولت موجود نہیں، جس کے باعث فضائی نقل و حمل کو خصوصی اہمیت حاصل ہے۔
یہ حادثہ ایسے وقت پیش آیا ہے جب نیپال میں موسم خزاں کے دوران کوہ پیمائی اور پہاڑی علاقوں کی سیاحت کا مصروف ترین سیزن جاری ہے۔




