لاہور: جمعیت علمائے اسلام (ف) نے امیر جے یو آئی مولانا فضل الرحمان کی لاہور میں قیام گاہ کے محاصرے کے خلاف لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا ہے۔ دوسری جانب حکومت نے امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر لاہور میں تین روز کے لیے دفعہ 144 نافذ کر دی ہے، اور اس کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔
ہائیکورٹ میں دائر درخواست میں کہا گیا ہے کہ مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ کے اطراف تقریباً تین ہزار پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں، اور پولیس نے انہیں گھر کے اندر محبوس کر رکھا ہے۔ درخواست کے مطابق پولیس حکام سے مولانا کی نظربندی یا حراست کا قانونی حکم طلب کیا گیا، لیکن کوئی دستاویز پیش نہیں کی گئی۔ ذرائع کے مطابق مولانا فضل الرحمان کو نظربند کیے جانے کا امکان ہے۔
اطلاعات کے مطابق پولیس نے اس سوسائٹی کے مرکزی گیٹ پر کنٹینر رکھ دیا ہے جہاں مولانا فضل الرحمان مقیم ہیں، اور گیٹ پر بھی اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق سوسائٹی کے رہائشیوں کی آمدورفت بھی روک دی گئی ہے۔
مولانا فضل الرحمان گزشتہ رات لاہور پہنچے تھے، اور انہیں آج لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کی دعوت پر وکلا سے خطاب کرنا تھا۔
جے یو آئی کے رہنما سینیٹر کامران مرتضیٰ نے کہا کہ ایک بڑی سیاسی جماعت کے سربراہ کو رہائش گاہ سے باہر آنے سے روکنا بنیادی شہری آزادیوں اور جمہوری روایات کے منافی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ پولیس فوری طور پر رکاوٹیں ختم کرے، اور مولانا فضل الرحمان کو آزادانہ نقل و حرکت کی اجازت دی جائے۔
پنجاب پولیس یا حکومت پنجاب کی جانب سے نفری کی تعیناتی کی وجہ تاحال نہیں بتائی گئی۔





