پشاور: سابق صوبائی وزیر قانون آفتاب عالم ایڈووکیٹ نے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کو 10 کروڑ روپے ہرجانے کا قانونی نوٹس بھجوا دیا ہے۔
قانونی نوٹس سپریم کورٹ کے وکیل محمد انعام یوسفزئی ایڈووکیٹ کے توسط سے جاری کیا گیا ہے۔
نوٹس کے مطابق گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے حالیہ پریس کانفرنس کے دوران پاکستان تحریک انصاف کے بعض رہنماؤں پر غیر قانونی کان کنی میں ملوث ہونے کے الزامات عائد کیے تھے۔
سابق صوبائی وزیر قانون آفتاب عالم ایڈووکیٹ نے ان الزامات کو من گھڑت قرار دیتے ہوئے گورنر سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پر مذکورہ الزامات واپس لیں اور ان پر معافی مانگیں۔
قانونی نوٹس میں گورنر خیبرپختونخوا سے 10 کروڑ روپے ہرجانے کی ادائیگی کا بھی مطالبہ کیا گیا ہے۔





