اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف سے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے ملاقات کی، جس میں صوبے کی امن و امان کی صورتحال، دہشت گردی کے خاتمے اور عوامی فلاح و بہبود کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے خیبرپختونخوا میں پائیدار امن کے قیام اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے وفاقی حکومت کی جانب سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی فورسز اور خیبرپختونخوا پولیس کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ اپیکس کمیٹی کے اجلاس میں کیے گئے فیصلوں پر عمل درآمد کے لیے وفاقی حکومت تعاون جاری رکھے گی۔
وزیراعظم نے صوبے میں صحت، تعلیم اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کرتے ہوئے سماجی ترقی کے اشاریوں میں بہتری پر خصوصی توجہ دینے پر زور دیا۔
شہباز شریف نے کھیلوں کی سہولیات کے فروغ اور نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کے مواقع فراہم کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
ملاقات کے دوران گورنر فیصل کریم کنڈی نے وزیراعظم کو صوبے میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے کے لیے گورنر اور خیبرپختونخوا ایڈوائزری کونسل کی جانب سے جاری اقدامات پر بریفنگ دی۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی بھی اس موقع پر موجود تھے





