لاہور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام آل پارٹیز سیمینار سے ویڈیو خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ لاہور کے تمام راستے بند اور جگہ جگہ ناکے لگائے گئے ہیں، جس کے باعث وہ سیمینار میں براہِ راست شرکت نہیں کر سکے۔
انہوں نے کہا کہ جمعیت علماء اسلام ملک میں امن کی داعی ہے اور قیام امن کے لیے ہمیشہ قربانیاں دی ہیں۔ ہمیں کسی حکمران یا ریاستی ادارے سے حب الوطنی کا سرٹیفکیٹ لینے کی ضرورت نہیں، ہماری وفاداریاں شک و شبہے سے بالاتر ہیں۔
مولانا فضل الرحمٰن نے 26 نومبر کو سرگودھا میں ہونے والی کانفرنس کا ذکر کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ سرگودھا ڈویژن میں کارکنوں کو ریاستی دباؤ کا سامنا ہے، کاروبار بند، دکانیں اور فلور ملز سیل کی جا رہی ہیں جبکہ بھکر، میانوالی، خوشاب اور سرگودھا میں کارکنوں اور عہدیداروں کی گرفتاریاں جاری ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ تمام تر رکاوٹوں کے باوجود جمعیت علماء اسلام سرگودھا کانفرنس ہر صورت منعقد کرے گی۔ عوام سے اپیل ہے کہ آئین کی بالادستی، قانون کی حکمرانی اور جمہوریت کے تحفظ کے لیے اجتماع میں بھرپور شرکت کریں۔
جے یو آئی سربراہ کا کہنا تھا کہ ریاستی قوتوں نے ان کے خلاف رویہ اس وقت سخت کیا جب قبائلی علاقوں کے معدنی ذخائر کے حوالے سے ان کے کردار کو بے نقاب کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا، بلوچستان، گوادر، سندھ کے سمندری جزائر اور پنجاب سمیت تمام صوبوں کے عوام کے حقوق کی جنگ لڑ رہے ہیں۔
مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ قدرتی وسائل عوام کی ملکیت ہیں، وفاق یا کسی ایک طاقتور ادارے کی نہیں، عوام کے وسائل پر کسی کو قبضہ کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ ہم اپنے مؤقف پر قائم ہیں اور اسے منطقی انجام تک پہنچائیں گے





