پشاور میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ جمعیت علمائے اسلام سو سال سے زائد سیاسی و قربانیوں کی تاریخ رکھتی ہے اور کارکن اپنی اس تاریخ کی حفاظت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم مشتعل مزاج لوگ نہیں بلکہ تجربہ کار سیاسی جدوجہد کرنے والے ہیں، نہ ہمارے پاس اسلحہ ہے اور نہ ڈنڈے، ہم سیاسی جدوجہد کے ذریعے مقابلہ کریں گے۔
مولانا فضل الرحمان نے الزام عائد کیا کہ حکومت بننے کے بعد ڈھائی سال تک جے یو آئی کو حکومت میں شامل ہونے کی پیشکشیں کی جاتی رہیں، صوبائی حکومت دینے کی باتیں بھی ہوئیں، تاہم جعلی مینڈیٹ تسلیم کرنے اور حکومت میں شامل ہونے سے انکار پر اب فائلیں کھولنے کی دھمکیاں دی جا رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ جمعیت کے کارکنوں پر دباؤ ڈال کر پارٹی سے لاتعلقی کے بیانات لینے کی کوششیں کی جا رہی ہیں، تاہم ان کے بقول پورے ملک میں کوئی کارکن بھی پارٹی سے علیحدگی کے لیے تیار نہیں ہوا۔
جے یو آئی سربراہ نے اسٹیبلشمنٹ پر سیاسی معاملات میں مداخلت اور خیبر پختونخوا کے معدنی ذخائر کی چوری کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ سیاست میں مداخلت بند کرکے ہر ادارے کو اپنے آئینی دائرہ کار میں رہنا چاہیے۔
مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ جمعیت علمائے اسلام خیبر پختونخوا سمیت سندھ، بلوچستان اور پنجاب کے حقوق کے تحفظ کے لیے آواز بلند کرتی رہے گی اور اپنے کارکنوں کے ساتھ سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح کھڑی رہے گی۔




