پشاور: خیبرپختونخوا میں پلیسر گولڈ کی غیر قانونی کان کنی کی تحقیقات کے لیے گورنر نے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) تشکیل دے دی ہے، جس کی سربراہی ہائی کورٹ کے ریٹائرڈ جج کریں گے۔ مشیر اطلاعات ثمر ہارون بلور کا کہنا ہے کہ غیر قانونی مائننگ میں ملوث عناصر کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی ثمر ہارون بلور کے مطابق صوبے میں بڑے پیمانے پر پلیسر گولڈ کی غیر قانونی مائننگ جاری تھی، جس کی ویڈیوز سامنے آنے کے بعد معاملے کی سنگینی واضح ہوئی۔ ان کا کہنا تھا کہ 2024 میں چار ارب روپے مالیت کے گولڈ مائننگ کے ٹھیکے مبینہ طور پر انتہائی کم قیمت پر الاٹ کیے گئے، تاہم 2025 میں نیب کی انکوائری کے بعد یہ ٹھیکے روک دیے گئے تھے انہوں نے دعویٰ کیا کہ ٹھیکے معطل ہونے کے باوجود ہزاروں ایکسکیویٹرز، ڈمپرز اور دیگر بھاری مشینری کے ذریعے کان کنی جاری رہی، جبکہ روزانہ آٹھ سے دس ہزار سے زائد مزدور اس سرگرمی میں کام کر رہے تھے۔ثمر ہارون بلور کے مطابق اس معاملے میں وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کے بھائیوں کے مبینہ فرنٹ مینوں، کزنز اور دیگر افراد کے نام سامنے آئے ہیں۔ نوید آفریدی اور ہادی عرف پتنگ کے نام بھی زیرِ بحث ہیں، جبکہ ایک رکن قومی اسمبلی، صوبائی وزیر آفتاب عالم، ایک سینیٹر اور مختلف سیاسی جماعتوں کے بعض رہنماؤں کے ملوث ہونے کے الزامات بھی سامنے آئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ غیر قانونی مائننگ میں مقامی انتظامیہ، پولیس اور بیوروکریسی کے بعض اہلکاروں کے ملوث ہونے کے الزامات بھی ہیں، تاہم تحقیقات کا مقصد کسی سیاسی جماعت یا شخصیت کو نشانہ بنانا نہیں بلکہ قومی وسائل کی مبینہ لوٹ مار میں ملوث عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لانا ہے۔
ان کے مطابق جے آئی ٹی غیر قانونی مائننگ میں ملوث افراد کی نشاندہی، دستیاب شواہد کا جائزہ اور قانونی الزامات کا تعین کرے گی۔ ٹیم اپنی سفارشات گورنر خیبرپختونخوا اور ایڈوائزری کونسل کو پیش کرے گی ثمر ہارون بلور نے مزید کہا کہ قومی خزانے کو پہنچنے والے نقصان کے ذمہ داروں کے خلاف مقدمات درج کرائے جائیں گے، جبکہ دس شہید پولیس اہلکاروں کے قتل کا مقدمہ بھی اس معاملے میں ملوث عناصر کے خلاف درج کرانے کا ارادہ ہے۔
سکیورٹی صورتحال پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دس پولیس اہلکاروں کی شہادت کی ذمہ داری ٹی ٹی پی نے قبول کی تھی، جبکہ پولیس کارروائی میں پانچ دہشت گرد مارے گئے، جن میں ایک افغان شہری بھی شامل تھا۔ ان کے بقول مذکورہ افغان شہری ٹی ٹی پی کے ایک بڑے کمانڈر کا چیف سکیورٹی گارڈ تھا انہوں نے الزام عائد کیا کہ قومی وسائل سے حاصل ہونے والی رقم فورسز اور عوام کو نشانہ بنانے والے عناصر تک پہنچنے کا معاملہ بھی سامنے آ رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ نوشہرہ میں بھی غیر قانونی مائننگ کی اطلاعات موصول ہو رہی ہیں





