لاہور: جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ وہ اس وقت "ریاستی حصار" میں ہیں، اور لاہور کے تمام راستے بند ہونے کی وجہ سے لاہور ہائیکورٹ بار کے وکلا سے براہِ راست خطاب نہیں کر سکے۔ دوسری جانب ڈپٹی کمشنر لاہور نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان کی نظربندی کے کوئی احکامات جاری نہیں کیے گئے۔
ڈپٹی کمشنر لاہور کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان سے انتظامیہ کا کوئی رابطہ ہوا نہ ہی انہیں کسی تھریٹ الرٹ کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔
مولانا فضل الرحمان لاہور بار ایسوسی ایشن کے آل پارٹیز سیمینار میں شرکت کے لیے گزشتہ رات لاہور پہنچے تھے۔ جے یو آئی کا دعویٰ ہے کہ پنجاب پولیس نے ان کی قیام گاہ کے باہر اہلکار تعینات کر کے انہیں باہر آنے سے روک دیا۔ جے یو آئی نے اس مبینہ محاصرے کے خلاف لاہور ہائیکورٹ سے بھی رجوع کیا ہے۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ رہائش گاہ کے اطراف تقریباً تین ہزار پولیس اہلکار تعینات ہیں، اور پولیس نظربندی کا کوئی قانونی حکم پیش نہیں کر سکی۔
اطلاعات کے مطابق پولیس نے اس سوسائٹی کے مرکزی گیٹ پر کنٹینر رکھ دیا ہے جہاں مولانا فضل الرحمان مقیم ہیں، اور سوسائٹی کے رہائشیوں کی آمدورفت بھی متاثر ہوئی ہے۔ حکومت نے امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر لاہور میں تین روز کے لیے دفعہ 144 بھی نافذ کر دی ہے۔
جے یو آئی کے رہنما سینیٹر کامران مرتضیٰ نے کہا کہ ایک بڑی سیاسی جماعت کے سربراہ کو رہائش گاہ سے باہر آنے سے روکنا بنیادی شہری آزادیوں اور جمہوری روایات کے منافی ہے، اور پولیس فوری طور پر رکاوٹیں ختم کرے۔





