دوحہ میں ایشیا کپ رائزنگ اسٹارز کے گروپ بی کے آخری میچ میں پاکستان اے نے نیپال کو 96 رنز سے شکست دے دی۔
پاکستان اے نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 42 اوورز میں 168 رنز بنائے۔ ایک موقع پر ٹیم 88 رنز پر 7 وکٹیں گنوا چکی تھی، تاہم وکٹ کیپر بلے باز روحیل نذیر نے ذمہ دارانہ اننگز کھیل کر ٹیم کو قابلِ دفاع مجموعے تک پہنچایا۔
روحیل نذیر 83 گیندوں پر 64 رنز بنا کر ناقابلِ شکست رہے، جس میں 4 چوکے اور 3 چھکے شامل تھے۔ انہوں نے احمد دانیال کے ساتھ آٹھویں وکٹ کے لیے 70 رنز کی شراکت قائم کی۔ احمد دانیال 16 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
نیپال کی جانب سے راشد خان نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے 8 اوورز میں 39 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ ابھیشیک گوتم نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
169 رنز کے ہدف کے تعاقب میں نیپال کی بیٹنگ لائن پاکستان کے بولرز کے سامنے نہ ٹھہر سکی اور پوری ٹیم 17.3 اوورز میں صرف 72 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
محمد حسنین نے 21 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ سفیان مقیم نے 3 اوورز میں 17 رنز کے عوض 3 وکٹیں لیں۔ محمد عمران نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ نیپال کی جانب سے مایان یادیو 41 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے، جنہیں ماز صداقت نے ایل بی ڈبلیو آؤٹ کر کے اننگز کا خاتمہ کیا۔
یہ گروپ مرحلے میں پاکستان اے کی مسلسل تیسری کامیابی ہے۔ پاکستان نے اپنے پہلے میچ میں متحدہ عرب امارات اے کو 61 رنز سے اور دوسرے میچ میں بھارت اے کو 48 رنز سے شکست دی تھی۔
پاکستان اے اب 27 نومبر کو دوحہ کے ویسٹ اینڈ پارک انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں سیمی فائنل میں بنگلہ دیش اے کے مدمقابل ہوگا۔ میچ پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر 3 بجے شروع ہوگا۔





