حسن نواز کی 79 رنز کی اننگز اور معاذ صداقت و فرحان یوسف کی نصف سنچریوں کی بدولت پاکستان اے نے ابتدائی نقصان سے سنبھلتے ہوئے 313 رنز بنائے۔
دوحہ میں ایشیا کپ رائزنگ اسٹارز کے گروپ بی کے میچ میں پاکستان اے نے بھارت اے کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کی اور 49.2 اوورز میں 313 رنز بنا کر آل آؤٹ ہوگئی۔
پاکستان نے اننگز کا آغاز کیا تو ابتدائی اوورز میں دو وکٹیں گنوا دیں۔ شمیل حسین نے 23 گیندوں پر 33 رنز بنائے، جبکہ روہیل نذیر بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔ نویں اوور میں پاکستان کا اسکور 67 رنز پر دو وکٹ تھا۔
معاذ صداقت نے 63 گیندوں پر 59 رنز بنا کر اننگز کو سنبھالا، جبکہ حسن نواز نے تیز رفتاری سے رنز بنانے کا سلسلہ جاری رکھا۔ انہوں نے 82 گیندوں پر 79 رنز کی اننگز میں 5 چوکے اور 4 چھکے لگائے۔
کپتان عبدالصمد 28 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے، جبکہ فرحان یوسف نے 48 گیندوں پر 56 رنز کی اننگز کھیلی۔ محمد عمران نے بھی 14 گیندوں پر 23 رنز بنا کر آخری اوورز میں اسکور کو آگے بڑھایا۔
تاہم آخری پانچ اوورز میں پاکستان نے 41 رنز کے عوض 4 وکٹیں گنوا دیں اور پوری ٹیم 49.2 اوورز میں 313 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔
بھارت اے کی جانب سے پرنس یادیو اور ہرشیت رانا نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں، جبکہ سورینش شیڈگے اور وپراج نگم نے بھی دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
بھارت اے کے کپتان تلک ورما کیچ لینے کی کوشش کے دوران غیر متوازن انداز میں گرنے کے بعد میدان سے باہر چلے گئے، جس کے بعد رنکو سنگھ نے کپتانی سنبھال لی۔
بھارت اے کو میچ جیتنے کے لیے 314 رنز درکار ہیں۔





