پشاور: مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا ثمر ہارون بلور نے کہا ہے کہ صوبے میں گزشتہ 13 سال کے دوران منظور کیے گئے قوانین کا تفصیلی جائزہ مکمل کر لیا گیا ہے، جس کی روشنی میں عوامی مفاد کے قوانین کو برقرار رکھا جائے گا جبکہ ذاتی مفادات کے لیے بنائے گئے قوانین میں اصلاحات کی جائیں گی۔
مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا ثمر ہارون بلور کے مطابق صوبائی حکومت نے گزشتہ تیرہ برسوں میں ہونے والی قانون سازی کی افادیت کا باریک بینی سے جائزہ لیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جائزہ عمل مکمل ہونے کے بعد اب ان قوانین میں ضروری ترامیم کی جائیں گی جو غیر ضروری مراعات اور عوامی وسائل کے ناجائز استعمال کا باعث بن رہے ہیں۔
ثمر ہارون بلور نے واضح کیا کہ حکومت کی ترجیح عوامی وسائل کا تحفظ اور شفافیت کو یقینی بنانا ہے، اس لیے ایسے تمام قوانین جو عام آدمی کی فلاح و بہبود اور صوبے کے وسیع تر مفاد میں ہیں، انہیں مکمل طور پر برقرار رکھا جائے گا، تاہم مخصوص مفادات کے تحت کی گئی قانون سازی میں اصلاحات لائی جائیں گی





