جوہانسبرگ: سابق جنوبی افریقی اسپنر عمران طاہر نے آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ 2027 کے حوالے سے اپنی پیشگوئی کرتے ہوئے سیمی فائنل میں پہنچنے والی چار ٹیموں کے نام بتا دیے، تاہم انہوں نے پاکستان کو اپنی فہرست میں شامل نہیں کیا۔
بھارتی نشریاتی ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے عمران طاہر کا کہنا تھا کہ بھارت، آسٹریلیا، انگلینڈ اور جنوبی افریقہ کی ٹیمیں ٹاپ فور میں جگہ بناسکتی ہیں۔
انسٹاگرام پر ریپبلک ورلڈ کی ویڈیو میں گفتگو کرتے ہوئے عمران طاہر نے کہا، ’’میرے خیال میں بھارت، جنوبی افریقہ، آسٹریلیا اور انگلینڈ ٹاپ فور میں جگہ بنائیں گے۔ مجھے لگتا ہے کہ یہی چار ٹیمیں سیمی فائنل تک پہنچیں گی۔‘‘
انہوں نے مزید کہا کہ جنوبی افریقہ کے پاس ورلڈ کپ جیتنے کا یہ بہترین موقع ہے، تاہم اگر جنوبی افریقی ٹیم ایسا کرنے میں کامیاب نہ ہوئی تو ان کے خیال میں آسٹریلیا ٹرافی اپنے نام کر سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آسٹریلیا کی ٹیم مضبوط ہے اور اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کر رہی ہے۔
واضح رہے کہ آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ 2027 کا انعقاد 2 اکتوبر سے 21 نومبر 2027 تک ہوگا، جس کی میزبانی جنوبی افریقہ، زمبابوے اور نمیبیا مشترکہ طور پر کریں گے۔
عمران طاہر نے یہ پیشگوئی ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز (WCL) کے دوران کی، جہاں وہ ساؤتھ افریقن چیمپئنز کی نمائندگی کر رہے ہیں۔
اس سے قبل سابق آسٹریلوی کپتان ایرون فنچ نے بھی ورلڈ کپ 2027 کے سیمی فائنلسٹس کی پیشگوئی کرتے ہوئے پاکستان اور نیوزی لینڈ کو اپنی فہرست میں شامل نہیں کیا تھا۔





