پشاور کے علاقے متنی میں کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) اور پاک فوج نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے تین مبینہ دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔ ہلاک افراد کی شناخت عبدالرشید، سعید اللہ اور سعید نواب کے ناموں سے ہوئی ہے، جن کا تعلق فتنۃ الخوارج سے بتایا گیا ہے۔
کارروائی پاسانی روڈ، ادیزی خوڑ متنی میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کی گئی۔ سکیورٹی فورسز کے پہنچنے پر مبینہ دہشت گردوں نے فائرنگ شروع کردی، جس کے بعد دونوں جانب سے فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ فائرنگ رکنے کے بعد علاقے میں سرچ آپریشن کیا گیا، جس کے دوران تینوں افراد کی لاشیں ملیں، جبکہ ان کے دیگر ساتھی رات کی تاریکی اور جھاڑیوں کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہوگئے۔
کارروائی کے دوران ہلاک افراد کے قبضے سے دو کلاشنکوف، ایک پستول، تین ہینڈ گرنیڈ، پانچ میگزین اور قومی شناختی کارڈز برآمد کیے گئے۔ سکیورٹی حکام کے مطابق ہلاک افراد سرکاری تنصیبات پر حملوں اور ملک کی سالمیت کو نقصان پہنچانے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔
فرار ہونے والے مبینہ دہشت گردوں کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔ آئی جی خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید اور ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی نے دہشت گردی کے خاتمے اور امن و امان کے قیام کے لیے کارروائیاں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔




