واشنگٹن: معروف امریکی ریپر میکلمور نے انکشاف کیا ہے کہ فلسطینی عوام کی حمایت کے لیے منعقد کیے جانے والے کنسرٹس کے لیے امریکا کے متعدد بڑے اسٹیڈیمز نے جگہ دینے سے انکار کر دیا ہے۔
گلوکار نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام پر جاری کردہ ایک بیان میں بتایا کہ ڈبلن، پیرس اور لندن جیسے بین الاقوامی شہروں میں ان کے 'فری فلسطین' کنسرٹس کامیابی سے منعقد ہو چکے ہیں، تاہم امریکا میں انہیں شدید مشکلات اور رکاوٹوں کا سامنا ہے۔
ان کے مطابق میڈیسن اسکوائر گارڈن اور بارکلیز سینٹر سمیت دیگر مشہور مقامات کی انتظامیہ نے ابتدائی طور پر تاریخیں دستیاب ہونے کی تصدیق کی تھی، لیکن یہ جاننے کے بعد کہ یہ کنسرٹ فلسطین کی حمایت میں ہورہا ہے، پروگرام منسوخ کر دیا گیا۔
میکلمور نے اس رویے کو آزادیٔ اظہارِ رائے کے اصولوں کے منافی قرار دیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ کسی دباؤ میں آئے بغیر فلسطینیوں کی حمایت جاری رکھیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ طاقتور افراد کنسرٹ ہالز کے مالک ہو سکتے ہیں مگر شائقین کے نہیں، اور اگر ہال نہ ملے تو وہ اپنے اسٹیج خود قائم کر کے فنڈز جمع کرنے کا سلسلہ برقرار رکھیں گے۔





