وزیراعلیٰ سندھ کو اعلیٰ سطحی بریفنگ میں بتایا گیا کہ ستمبر 2026 کے دوران تھرپارکر کی ساتوں تحصیلوں میں صرف ایک سے 36 ملی میٹر تک غیر متوازن بارشیں ہوئیں، جس کے باعث قدرتی گھاس اور فصلیں پکنے سے قبل ہی خشک ہو چکی ہیں۔
محکمۂ زرعی توسیع کے مطابق بے قاعدگی سے ہونے والی ان بارشوں سے خطے کی 85 سے 90 فیصد فصلیں مکمل طور پر تباہ اور غیر پیداوار ہو گئی ہیں۔
صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے عوام کو پینے کے پانی کی فراہمی یقینی بنانے، اور تمام غیر فعال آر او پلانٹس کی فوری مرمت کا حکم دیا ہے۔
انہوں نے چیف سیکرٹری کو نؤکوٹ سے مٹھی تک پانی کی پائپ لائن بچھانے اور مویشیوں کی حفاظت کے لیے فوری سفارشات مرتب کرنے کی ہدایت بھی کی تاکہ متاثرین کو ہر ممکن مدد فراہم کی جا سکے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ تھرپارکر کے متاثرہ عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے اور خشک سالی سے متاثرہ علاقوں میں امدادی اقدامات کی مسلسل نگرانی بھی کی جائے گی۔





