طنجہ: ہالی ووڈ کی معروف فلم سیریز ’دی ممی‘ کے اگلے حصے کی شوٹنگ 19 اکتوبر سے مراکش میں شروع ہونے والی ہے، جس میں اداکاروں، تکنیکی عملے اور پروڈکشن اسٹاف سمیت 1,240 سے زائد افراد کی شرکت متوقع ہے۔
رپورٹس کے مطابق فلم کی شوٹنگ کا آغاز شمالی مراکش سے ہوگا، جہاں 31 اکتوبر تک طنجہ، تطوان اور اصیلہ میں بیرونی مناظر کی عکس بندی کی جائے گی۔
شوٹنگ کے دوران انتظامات کو یقینی بنانے کے لیے طنجہ کے قصبہ ڈسٹرکٹ اور باب قصبہ کے اطراف سکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے جانے کی توقع ہے۔
شمالی مراکش میں شوٹنگ مکمل ہونے کے بعد پروڈکشن ٹیم جنوب مشرقی علاقوں ارفود، ریسّانی، مرزوگہ اور الرشیدیہ کا رخ کرے گی، جبکہ فلم کی عکس بندی کا آخری مرحلہ ورزازات میں مکمل کیا جائے گا۔
رپورٹس کے مطابق فلم کے ہدایت کار میٹ بیٹینیلی اولپن اور ٹائلر گلیٹ پہلے ہی طنجہ پہنچ چکے ہیں۔ ان کے ہمراہ اداکار جان ہننا اور عودید فہر بھی موجود ہیں، جو اس فلم سیریز کے گزشتہ حصوں میں اداکاری کر چکے ہیں۔
فلم کی کہانی رک اور ایولین کے گرد گھومے گی، جو طنجہ سے وابستہ پوشیدہ رازوں اور قدیم داستانوں کی کھوج لگائیں گے۔ تاہم فلم کی کہانی سے متعلق مزید تفصیلات تاحال سامنے نہیں آئی ہیں۔
’دی ممی‘ فلم سیریز کا آغاز 1999 میں ہوا تھا، جس میں برینڈن فریزر نے رک اوکونل اور ریچل وائز نے ایولین کارناہن کا کردار ادا کیا تھا۔
اس کے بعد 2001 میں ’دی ممی ریٹرنز‘ اور 2008 میں ’دی ممی: ٹومب آف دی ڈریگن ایمپرر‘ ریلیز کی گئیں۔
اس سیریز کی کہانیوں میں آثارِ قدیمہ سے جڑے اسرار، قدیم تہذیبوں اور مافوق الفطرت واقعات کو مرکزی حیثیت حاصل رہی ہے۔ آنے والی فلم بھی اسی سلسلے کا حصہ ہوگی۔
فلم کو 15 اکتوبر 2027 کو دنیا بھر کے سینما گھروں میں ریلیز کرنے کا منصوبہ ہے۔ اس سے قبل فلم کی ریلیز کے لیے 19 مئی 2028 کی تاریخ مقرر کی گئی تھی، تاہم اب اسے تقریباً سات ماہ پہلے ریلیز کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔





