جیوچوان: پاکستان کے محمد ذیشان علی کو چین کے شینژو 24 خلائی مشن کے لیے منتخب کرلیا گیا ہے، جو 25 نومبر کو روانہ ہوگا۔ اس مشن کے ذریعے ذیشان علی خلا میں جانے والے پہلے پاکستانی اور چین کے تیانگونگ خلائی اسٹیشن کا دورہ کرنے والے پہلے غیر ملکی خلا باز بنیں گے۔
چائنا مینڈ اسپیس ایجنسی نے 24 نومبر کو تین رکنی عملے کا اعلان کیا، جس میں ذیشان علی کے ساتھ چینی خلا باز تانگ ہونگبو اور وو یی شامل ہیں۔
خلائی جہاز شمال مغربی چین کے جیوچوان سیٹلائٹ لانچ سینٹر سے بدھ کو بیجنگ کے وقت کے مطابق صبح 8 بج کر 18 منٹ پر روانہ ہوگا، جبکہ پاکستان میں اس وقت صبح 5 بج کر 18 منٹ ہوں گے۔
تانگ ہونگبو مشن کی کمان سنبھالیں گے، وو یی فلائٹ انجینئر ہوں گے، جبکہ ذیشان علی پے لوڈ اسپیشلسٹ کے طور پر سائنسی تجربات کی ذمہ داریاں انجام دیں گے۔
ذیشان علی ایک ہفتہ خلا میں گزاریں گے
پاکستان کی مسلح افواج میں سابق پائلٹ رہنے والے ذیشان علی تقریباً ایک ہفتہ تیانگونگ خلائی اسٹیشن پر قیام کریں گے۔
اس دوران وہ پاکستان اور چین کے مشترکہ سائنسی تجربات میں حصہ لینے کے ساتھ خلائی اسٹیشن کی روزمرہ سرگرمیوں میں بھی معاونت کریں گے۔
چینی خلائی ادارے کے مطابق شینژو 24 مشن کے دوران تقریباً 90 سائنسی تجربات کیے جائیں گے۔
ان میں خلائی تحقیق، سائنسی آلات کے استعمال اور دیگر تحقیقی سرگرمیاں شامل ہیں۔
مشن کے دوران خلائی اسٹیشن کی دیکھ بھال اور پہلے سے موجود شینژو 23 کے عملے کے ساتھ ذمہ داریوں کی منتقلی بھی ہوگی۔
ذیشان علی اپنا مختصر خلائی مشن مکمل کرنے کے بعد شینژو 23 خلائی جہاز کے ذریعے زمین پر واپس آئیں گے، جو رواں سال مئی میں تیانگونگ سے منسلک ہوا تھا۔
ان کی شرکت چین کے انسان بردار خلائی پروگرام کی تاریخ میں چینی اور غیر ملکی خلا بازوں کی پہلی مشترکہ پرواز بھی ہوگی۔
25 کروڑ پاکستانیوں کی امیدیں ساتھ لے کر آیا ہوں، ذیشان علی
چین میں پریس بریفنگ کے دوران ذیشان علی نے کہا کہ وہ چند ماہ قبل 25 کروڑ پاکستانیوں کی امیدیں اپنے ساتھ لے کر چین کے خلا باز تربیتی مرکز پہنچے تھے۔
انہوں نے پاکستان کے خلا میں جانے کے خواب کو حقیقت بنانے میں مدد فراہم کرنے پر چینی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔
ذیشان علی کے مطابق چین میں تربیت کے دوران انہوں نے خلائی پرواز سے متعلق مہارتیں حاصل کیں اور چینی خلا بازوں کے ساتھ کام کرنے کا تجربہ حاصل کیا۔
انہوں نے بتایا کہ تربیت کے دوران چینی زبان بھی سیکھی تاکہ اپنے ساتھی خلا بازوں سے براہ راست رابطہ کرسکیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اس تجربے نے پاکستان اور چین کے درمیان دوستی کو ایک نئی جہت دی ہے۔
وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے ذیشان علی کو مبارک باد دیتے ہوئے اس مشن کو دونوں ممالک کے درمیان اعتماد اور تعاون کی علامت قرار دیا۔
وفاقی وزیر اطلاعات عطااللہ تارڑ نے بھی اس پیش رفت کو پوری قوم کے لیے خوشی اور فخر کا موقع قرار دیا۔
پاکستان اور چین کے درمیان خلائی تعاون کا معاہدہ
پاکستان اور چین کے درمیان مشترکہ خلائی مشن کی بنیاد فروری 2025 میں رکھی گئی تھی۔
اس وقت پاکستان کے خلائی تحقیق کے ادارے سپارکو اور چائنا مینڈ اسپیس ایجنسی کے درمیان پاکستانی خلا بازوں کی تربیت اور مشترکہ مشن سے متعلق معاہدہ ہوا تھا۔
معاہدے کے تحت دو پاکستانی امیدواروں کو چین میں تربیت کے لیے منتخب کیا جانا تھا، جن میں سے ایک کو تیانگونگ خلائی اسٹیشن کے مشن میں شامل ہونا تھا۔
اپریل 2026 میں محمد ذیشان علی اور خرم داؤد کو تربیتی پروگرام کے لیے منتخب کیا گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے دونوں امیدواروں سے ملاقات کرکے ان کی کامیابی کو پاکستان کے لیے اہم پیش رفت قرار دیا تھا۔
چین اپنا تیانگونگ خلائی اسٹیشن بین الاقوامی خلائی اسٹیشن سے الگ چلاتا ہے اور حالیہ برسوں میں انسان بردار مشنز، سائنسی تحقیق اور بین الاقوامی اشتراک میں اضافہ کر رہا ہے۔
چین نے 2030 تک اپنے خلا بازوں کو چاند پر اتارنے کا ہدف بھی مقرر کر رکھا ہے۔
ذیشان علی کا مشن پاکستان کو پہلی مرتبہ اپنے خلا باز کے ذریعے زمین کے مدار میں قائم خلائی اسٹیشن پر سائنسی تحقیق میں حصہ لینے کا موقع فراہم کرے گا۔





