واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ جینسن ہوانگ کی امریکی چپ ساز کمپنی اینوڈیا میں واپسی کا معاہدہ انہوں نے کرایا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر جینسن ہوانگ چین منتقل ہو جاتے تو یہ بڑا خطرہ ہوتا۔
صدر ٹرمپ نے کہا کہ انہوں نے ہی اینوڈیا کے بورڈ کو ہوانگ کی واپسی پر قائل کیا، اور یقین دلایا کہ وہ قومی سلامتی کے لیے خطرہ نہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اتوار کو ان کی جینسن ہوانگ سے فون پر بات ہوئی، اور "ہوانگ جانتے ہیں کہ انہیں کیا کرنا ہے اور کیا نہیں"۔
امریکی صدر نے دعویٰ کیا کہ چین جینسن ہوانگ کو منہ مانگی مراعات دینے کو تیار تھا، اور چینی صدر نے انہیں اس شعبے کی ذہین ترین شخصیت قرار دیا تھا۔ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ جدید چپس کی پیچیدگی جینسن ہوانگ جیسا شخص ہی سمجھ سکتا ہے، اور چین سمیت کسی کے لیے ان چپس کی نقل ممکن نہیں۔
امریکی میڈیا کے مطابق ٹرمپ انتظامیہ نے اینوڈیا کے بورڈ کو بتایا کہ جینسن ہوانگ نے قومی سلامتی کے قوانین کی خلاف ورزی نہیں کی۔
واضح رہے کہ اینوڈیا نے گزشتہ روز جینسن ہوانگ کو فوری طور پر سی ای او کے عہدے پر بحال کرنے کا اعلان کیا تھا۔ ایک غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق یہ غیر معمولی فیصلہ صدر ٹرمپ کے دباؤ پر کیا گیا۔ اس سے قبل جینسن ہوانگ کے ایک مبینہ چینی جاسوس سمیت متعدد خواتین سے تعلقات کے الزامات سامنے آئے تھے۔





