دوحہ: اے سی سی ایشیا کپ رائزنگ اسٹارز میں پاکستان شاہینز کی ٹیم نیپال کے خلاف 42 اوورز میں 168 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی ہے، اور نیپال کو جیت کے لیے 169 رنز کا ہدف ملا ہے۔
دوحہ کے ویسٹ اینڈ پارک انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں پاکستان شاہینز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، تاہم نیپالی بولرز کے سامنے قومی ٹیم بڑا اسکور نہ کر سکی۔ وکٹ کیپر روحیل نذیر نے 83 گیندوں پر چار چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 64 رنز بنائے۔ حسن نواز نے 59 گیندوں پر 28 اور احمد دانیال نے 35 گیندوں پر 16 رنز بنائے۔
نیپال کی جانب سے راشد خان نے آٹھ اوورز میں 39 رنز دے کر پانچ وکٹیں حاصل کیں۔ ابھیشیک گوتم نے نو اوورز میں 27 رنز دے کر دو، جبکہ سندیپ لامی چھانے نے سات اوورز میں 20 رنز دے کر ایک وکٹ لی۔
پاکستان شاہینز پہلے ہی سیمی فائنل میں جگہ بنا چکی ہے۔ قومی ٹیم نے ٹورنامنٹ میں یو اے ای اور بھارت اے کو شکست دی تھی، اور گروپ بی میں سرفہرست ہے۔





