واشنگٹن: امریکا کے مشرقی ساحلی علاقوں میں تھینکس گیونگ کی تعطیلات کے دوران شدید طوفان سے نظام زندگی درہم برہم ہو گیا ہے۔ تیز ہواؤں اور موسلادھار بارش کی وجہ سے تقریباً 10 لاکھ صارفین بجلی سے محروم ہو گئے، جبکہ ہزاروں پروازیں منسوخ یا تاخیر کا شکار ہوئیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق جمعرات کو آنے والے طوفان کے دوران ہواؤں کی رفتار 112 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچ گئی، جس سے متعدد درخت اور بجلی کی تاریں گر گئیں۔ شدید بارش سے ساحلی علاقے بھی زیرِ آب آ گئے۔ حکام کے مطابق تیز سمندری ہواؤں اور غیر معمولی بلند لہروں کی وجہ سے مشرقی ساحل کے نشیبی علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہو رہی ہے۔
بجلی کی بندش کے اعداد و شمار جمع کرنے والی ویب سائٹ پاور آؤٹیج ڈاٹ یو ایس کے مطابق جمعرات کی شام ساڑھے 7 بجے 9 لاکھ 61 ہزار سے زائد صارفین بجلی سے محروم تھے، اور رات 9 بج کر 56 منٹ پر یہ تعداد 9 لاکھ 8 ہزار سے زائد تھی۔ سب سے زیادہ متاثرہ ریاست پنسلوانیا رہی، جہاں 2 لاکھ 7 ہزار سے زائد صارفین بجلی سے محروم ہوئے۔ نیو جرسی میں ایک لاکھ 79 ہزار، میری لینڈ میں ایک لاکھ 39 ہزار، ورجینیا میں ایک لاکھ 6 ہزار، مسوری میں ایک لاکھ، اور نیویارک ریاست میں 68 ہزار سے زائد صارفین متاثر ہوئے۔
پروازوں کی نگرانی کرنے والے ادارے فلائٹ اویئر کے مطابق جمعرات کو امریکا سے متعلق 454 پروازیں منسوخ اور 2 ہزار 411 تاخیر کا شکار ہوئیں۔ واشنگٹن اور نیویارک کے بڑے ہوائی اڈے سب سے زیادہ متاثر ہوئے۔ نیویارک شہر کے محکمہ ہنگامی انتظامات کے مطابق لاگارڈیا ایئرپورٹ پر ہواؤں کی رفتار 56 میل فی گھنٹہ تک پہنچ گئی۔
امریکی محکمہ موسمیات کے مطابق ورجینیا، میری لینڈ، ڈیلاویئر، نیو جرسی، نیویارک اور نیو انگلینڈ کے ساحلی علاقوں میں ہواؤں کی رفتار 50 سے 70 میل فی گھنٹہ تک ریکارڈ کی گئی یا اس کی پیشگوئی کی گئی تھی۔ محکمے کے مطابق رات کے دوران طوفان کا رخ نیو انگلینڈ کی جانب ہو جانے سے وسطی بحرِ اوقیانوس کے ساحلی علاقوں میں موسم بہتر ہونے کی توقع ہے، تاہم جمعے کو بھی مشرقی ساحل کے بعض حصوں میں 25 سے 35 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔
شدید موسم کے خدشے کے پیش نظر نیویارک میں تھینکس گیونگ کے موقع پر ہونے والی میسیز پریڈ کی 100ویں سالانہ تقریب بھی ملتوی کر دی گئی۔ امریکی میڈیا کے مطابق پریڈ کو پہلی مرتبہ موسم کی وجہ سے نئے شیڈول پر منتقل کیا گیا ہے۔
دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ انہوں نے ریاست فلوریڈا میں طوفان اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے لیے تقریباً 10 کروڑ ڈالر کی وفاقی امداد کی منظوری دے دی ہے۔





