کراچی: دنیا کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں لاہور پہلے اور کراچی تیسرے نمبر پر آ گیا ہے۔
ایئر کوالٹی انڈیکس کے مطابق لاہور کا انڈیکس 354 ریکارڈ کیا گیا، جو انتہائی مضرِ صحت سطح ہے۔ کراچی کا ایئر کوالٹی انڈیکس 198 ریکارڈ کیا گیا، اور شہر دنیا کے آلودہ ترین بڑے شہروں میں تیسرے نمبر پر رہا۔
پاکستان انوائرنمنٹل پروٹیکشن ایجنسی کی درجہ بندی کے مطابق صفر سے 100 تک کا انڈیکس اطمینان بخش، اور 101 سے 200 تک کا انڈیکس معتدل آلودہ مگر قابلِ برداشت سمجھا جاتا ہے۔ 300 سے 500 کے درمیان انڈیکس آلودہ اور انتہائی آلودہ کی کیٹیگری میں آتا ہے، اور ایسی فضا میں طویل عرصہ رہنے سے دل اور پھیپھڑوں کے مریضوں کو سانس لینے میں مشکل ہو سکتی ہے۔ 500 سے زیادہ انڈیکس کا مطلب شدید آلودہ فضا ہے، جس کے اثرات صحت مند افراد پر بھی پڑ سکتے ہیں۔





