لیما: موسمیاتی مظہر ال نینو سے منسلک شدید بارشوں کے باعث پیرو اور ایکواڈور کے کئی شہروں میں سیلابی صورتحال پیدا ہو گئی ہے، جس سے ہزاروں خاندان متاثر ہوئے ہیں۔ ایکواڈور میں بارشوں اور سیلاب سے 34 افراد ہلاک اور 47 ہزار شہری متاثر ہوئے ہیں۔
شمالی پیرو کے شہر پیورا میں 12 گھنٹے تک جاری رہنے والی موسلادھار بارش کے بعد سڑکوں پر کمر تک پانی جمع ہو گیا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق شہر میں تقریباً 2 ہزار خاندان متاثر ہوئے ہیں۔ سیلابی پانی گھروں، کاروباری مراکز اور سرکاری عمارتوں میں داخل ہو گیا، اور شہر کا مرکزی پلازا ڈی آرماس بھی زیرِ آب آ گیا۔ سیلاب کی وجہ سے پیورا کے ہوزے کائیتانو ہیریڈیا اسپتال کے شعبہ امراضِ تنفس کے مریضوں کو آڈیٹوریم منتقل کرنا پڑا، جبکہ تشویشناک حالت والے مریضوں کو انتہائی نگہداشت کے شعبے میں منتقل کیا گیا۔
پیرو کی مسلح افواج نے متاثرہ علاقوں سے پانی نکالنے کے لیے اہلکار اور پمپنگ مشینری تعینات کر دی ہے، تاہم بعض شہریوں نے امدادی کارروائیوں میں تاخیر کی شکایت کی ہے۔ ایکواڈور کے مغربی شہر مانتا میں دو دریاؤں میں طغیانی کے بعد پانی گھروں اور سڑکوں میں داخل ہو گیا، اور شہری سینے تک پانی میں چلتے رہے۔
پیرو کے محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ بعض علاقوں میں آئندہ 4 روز تک درمیانی سے شدید بارشوں کا سلسلہ جاری رہ سکتا ہے۔ دونوں ممالک سمیت لاطینی امریکا کے متعدد ملکوں میں ال نینو کے اثرات کی وجہ سے ہنگامی حالت نافذ کی جا چکی ہے۔
واضح رہے کہ ال نینو بحرالکاہل کے وسطی اور مشرقی استوائی حصے میں سمندر کی سطح کا درجہ حرارت بڑھنے کا موسمیاتی مظہر ہے، جو دنیا بھر میں ہواؤں اور بارشوں کے معمولات کو متاثر کرتا ہے۔ رواں سال اس کی شدت ریکارڈ سطح تک پہنچنے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔





