لاہور: تبلیغی جماعت کے چوتھے امیر مولانا حاجی نذر الرحمان 97 برس کی عمر میں انتقال کر گئے ہیں۔ وہ کچھ عرصے سے علیل تھے۔
مرحوم کی تدفین آج رات رائے ونڈ میں کی جائے گی۔
ملک کی اعلیٰ سیاسی اور مذہبی شخصیات نے مولانا نذر الرحمان کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے سوگوار خاندان اور تبلیغی جماعت کے اکابرین سے تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم نے دینِ اسلام کی تبلیغ کے لیے گراں قدر خدمات انجام دیں، جنہیں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
پاکستان علما کونسل کے چیئرمین حافظ طاہر محمود اشرفی نے بھی اپنے بیان میں گہرے دکھ کا اظہار کیا، اور کہا کہ مولانا نذر الرحمان کی دینی و دعوتی خدمات کو ہمیشہ احترام سے یاد رکھا جائے گا۔
مولانا نذرالرحمان کون تھے؟
مولانا نذر الرحمان یکم اکتوبر 1929 کو پیدا ہوئے، اور ان کا تعلق ضلع راولپنڈی کے علاقے بلوال سے بتایا جاتا ہے۔ انہوں نے ابتدائی دینی تعلیم راولپنڈی کے مختلف مدارس سے حاصل کی، اور 1949 اور 1950 میں گجرات کے مدرسہ خادم علوم نبوت، کٹھیالہ شیخاں سے دورۂ حدیث مکمل کیا۔
وہ پاکستان میں تبلیغی جماعت کے ابتدائی کارکنوں میں شمار ہوتے تھے، اور طویل عرصے تک مولانا حاجی عبدالوہاب کے ساتھ تبلیغی سرگرمیوں میں شریک رہے۔ امیر بننے سے قبل وہ جماعت کے نائب امیر بھی رہے۔ مولانا عبدالوہاب کے انتقال کے بعد نومبر 2018 میں انہیں تبلیغی جماعت کا امیر مقرر کیا گیا تھا۔
انہیں 2026 میں دنیا کی 500 بااثر مسلم شخصیات کی فہرست میں شامل کیا گیا تھا۔




