نوشہرہ: نوشہرہ کینٹ میں دفعہ 144 کی خلاف ورزی کے الزام میں جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے مقامی رہنماؤں اور کارکنوں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، جس میں 150 سے زائد افراد کو نامزد کیا گیا ہے۔
یہ مقدمہ جے یو آئی کے ان احتجاجی مظاہروں کے بعد درج کیا گیا، جو گورنر راج، ایمرجنسی اور دفعہ 144 کے نفاذ کے باوجود خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں کیے گئے۔ پشاور، شانگلہ، بٹگرام، صوابی اور لکی مروت سمیت کئی اضلاع میں جماعت کے کارکن سڑکوں پر نکلے، اور "گورنر تیری زندگی، شرمندگی شرمندگی" کے نعرے لگائے۔
مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ پارٹی سربراہ مولانا فضل الرحمان کا میڈیا ٹرائل بند کیا جائے، کارکنوں کی گرفتاریاں روکی جائیں اور پہلے سے گرفتار رہنماؤں اور کارکنوں کو رہا کیا جائے۔ انہوں نے بغیر نوٹس کے دکانوں، مساجد اور پلازوں کو مسمار کرنے کا سلسلہ بند کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔
واضح رہے کہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے بھی مولانا فضل الرحمان سے رابطہ کر کے جے یو آئی کے خلاف حکومتی اقدامات کی مذمت کی تھی، اور کہا تھا کہ حکومت کو اپوزیشن کی تنقید برداشت کرنی چاہیے۔




