پشاور: گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے نامزد اضلاع میں ترقیاتی منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے ایجوکیشن سٹی، ایس آئی یو ٹی ہسپتال اور بٹراسی اسکاؤٹس کیڈٹ کالج کی شاخ قائم کرنے کے منصوبوں کا اعلان کیا ہے۔یہ اعلانات گورنر فیصل کریم کنڈی کی زیرِ صدارت ایریا ڈیولپمنٹ سیکرٹریٹ کے ترقیاتی منصوبوں سے متعلق اجلاس میں کیے گئے۔ اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری ایریا ڈیولپمنٹ سیکرٹریٹ یحییٰ اخونزادہ سمیت متعلقہ حکام نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے گورنر کو ایریا ڈیولپمنٹ سیکرٹریٹ کے تحت جاری اور مجوزہ ترقیاتی منصوبوں، 100 اور 180 روزہ اہداف اور اب تک ہونے والی پیش رفت سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔
گورنر کو نامزد اضلاع میں ایکسیلیریٹڈ امپلیمنٹیشن پروگرام (AIP) سمیت صحت، تعلیم، سماجی و معاشی ترقی، سیکیورٹی اور انفراسٹرکچر کے شعبوں میں جاری منصوبوں سے بھی آگاہ کیا گیا اس موقع پر فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ نامزد اضلاع کی ترقی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ ان علاقوں کے نوجوانوں کو اعلیٰ تعلیم، تحقیق اور جدید تعلیمی سہولیات فراہم کرنے کے لیے ایجوکیشن سٹی کے قیام کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔
گورنر کے مطابق نامزد اضلاع میں صحت کی معیاری سہولیات کی فراہمی کے لیے ایس آئی یو ٹی ہسپتال کے قیام پر بھی کام جاری ہے، جبکہ نوجوانوں کو معیاری تعلیم اور تربیت کے مواقع فراہم کرنے کے لیے بٹراسی اسکاؤٹس کیڈٹ کالج کی ایک شاخ بھی قائم کی جائے گی




