اسلام آباد: اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کے رکن ممالک کے سینئر حکام نے اسلام آباد میں ہونے والے اجلاس میں وزرائے خارجہ کونسل کے 30ویں اجلاس کے ایجنڈے اور انتظامات کو حتمی شکل دے دی ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق سینئر حکام کا اجلاس 15 نومبر کو سیکریٹری خارجہ کی زیر صدارت ہوا، جس میں رکن ممالک کے سینئر حکام کے علاوہ ای سی او سیکریٹریٹ، تنظیم کے خصوصی اداروں اور علاقائی اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔
اجلاس میں آج 16 نومبر کو ہونے والے وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔ شرکا نے اجلاس کا ایجنڈا اور مجوزہ "اسلام آباد اعلامیے" کا مسودہ حتمی شکل دے کر وزرا کے غور کے لیے تیار کر لیا۔
اجلاس میں ای سی او سیکریٹریٹ کی سالانہ سرگرمیوں، جاری پروگراموں، مختلف شعبوں کے وزارتی اجلاسوں کے نتائج اور ذیلی و خصوصی اداروں کی کارکردگی کا بھی جائزہ لیا گیا۔
واضح رہے کہ ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس میں شرکت کے لیے وفد کے ہمراہ اسلام آباد پہنچ چکے ہیں۔




