لاہور: وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین نے وزیراعلیٰ پنجاب کے قانونی نوٹس کا جواب جمع کرا دیا ہے، لیکن ان کا جواب ثابت کرتا ہے کہ ان کے پاس دراصل کوئی جواب نہیں۔
لاہور میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ چوہدری سالک نے دعویٰ کیا تھا کہ ان کے پاس ثبوتوں سے الماریاں بھری ہوئی ہیں، مگر پیش صرف ایک آڈٹ رپورٹ کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ چوہدری سالک کی وزارت سے متعلق بھی کچھ چیزیں سامنے آئی ہیں، تاہم وہ ان کی تفصیل میں نہیں جانا چاہتیں۔
محسن نقوی کے بیان پر ردعمل
وزیر داخلہ محسن نقوی کے ملک بھر میں کرپشن سے متعلق بیان پر ردعمل دیتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا کہ انہوں نے پوری بات نہیں کی۔ ان کا کہنا تھا کہ کرپشن پورے ملک میں ہو رہی ہے، لیکن اس کے خلاف کارروائیاں صرف پنجاب میں ہوتی ہیں، جن کی نگرانی وزیراعلیٰ مریم نواز خود کر رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کسی کے خلاف محاذ نہیں کھولنا چاہتی، تاہم پنجاب یا مریم نواز پر بے بنیاد الزامات لگانے والوں کو جواب ضرور دیا جائے گا۔
پنجاب اینٹی ریپ ایکٹ اور خصوصی عدالتیں
وزیر اطلاعات نے بتایا کہ خواتین اور بچوں کے خلاف تشدد کی روک تھام کے لیے پنجاب اینٹی ریپ ایکٹ بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جس کے تحت خصوصی عدالتیں قائم ہوں گی اور متاثرین کو فوری انصاف فراہم کیا جائے گا۔ انہوں نے تسلیم کیا کہ صوبے میں خواتین اور بچوں کے خلاف جرائم ہو رہے ہیں، تاہم ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں زیادتی کرنے والے کسی شخص کے باعزت بری ہونے کی کوئی گنجائش نہیں۔
عظمیٰ بخاری کے مطابق اعداد و شمار سے معلوم ہوا ہے کہ خواتین اور بچوں کے خلاف 44 فیصد جرائم میں ہمسائے ملوث تھے، جبکہ 55 فیصد واقعات گھروں کے اندر پیش آئے۔ انہوں نے بتایا کہ ورچوئل پولیس اسٹیشنز سے بڑی تعداد میں خواتین نے رابطہ کیا، اور ان کے ذریعے ایک لاکھ گمشدہ بچوں کو تلاش کیا گیا۔ چائلڈ سینٹرز کو ایک لاکھ سے زائد شکایات موصول ہوئیں، جن میں سے 93 فیصد کا ازالہ کیا جا چکا ہے۔
دیگر امور
وزیر اطلاعات نے بتایا کہ "ستھرا پنجاب" پروگرام کے تحت شہروں اور دیہات سے کچرا اٹھایا جا رہا ہے۔ پنجاب کے سرکاری طیارے سے متعلق وضاحت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک کے اثاثے پاک فضائیہ کے پاس ہی ہوتے ہیں، اور پنجاب کا طیارہ پاک فضائیہ کو دینا معمول کا انتظام ہے۔




