پشاور: خیبرپختونخوا کے 12 نامزد اضلاع میں سرکاری اسکولوں سے 1916 اساتذہ کی غیر مجاز غیر حاضری کا انکشاف ہوا ہے، جس کے بعد صوبائی حکومت نے غیر حاضر اساتذہ کے خلاف محکمانہ کارروائی کا فیصلہ کر لیا ہے۔
ایڈیشنل چیف سیکرٹری نامزد اضلاع یحییٰ اخونزادہ کی زیرصدارت اجلاس میں متعلقہ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ غیر حاضر اساتذہ سے تین روز کے اندر تحریری وضاحت طلب کریں۔ تسلی بخش جواب نہ دینے اور مسلسل غیر حاضر رہنے والے اساتذہ کے خلاف قواعد کے مطابق تادیبی کارروائی کی جائے گی۔
سرکاری رپورٹ کے مطابق غیر حاضر اساتذہ میں 1042 خواتین اور 874 مرد شامل ہیں۔ شمالی وزیرستان 419 غیر حاضر اساتذہ کے ساتھ سرفہرست ہے، جبکہ بنوں میں 348، جنوبی وزیرستان اپر میں 243، ڈیرہ اسماعیل خان میں 204 اور لکی مروت میں 150 اساتذہ غیر حاضر رپورٹ ہوئے ہیں۔
اسی طرح ضلع کرم میں 130، خیبر میں 114، باجوڑ میں 88، مہمند میں 70، اورکزئی میں 66، ٹانک میں 52 اور جنوبی وزیرستان لوئر میں 32 اساتذہ کی غیر مجاز غیر حاضری سامنے آئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق غیر حاضر اساتذہ میں سب سے زیادہ 620 پرائمری اسکول ٹیچرز (PST) شامل ہیں، جبکہ 288 پرائمری اسکول ہیڈ ٹیچرز (PSHT)، 153 سی ٹی اور 121 ایس ایس ٹی جنرل اساتذہ بھی غیر حاضر پائے گئے ہیں۔
اجلاس میں اساتذہ کی غیر حاضری سے بچوں کی تعلیم اور سرکاری تعلیمی اداروں کی مجموعی کارکردگی متاثر ہونے پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔ سیکرٹری تعلیم ڈاکٹر قاسم نے کہا کہ غیر حاضر اساتذہ بچوں کے مستقبل سے کھیل رہے ہیں۔
سیکرٹری تعلیم کو ہدایت کی گئی ہے کہ غیر حاضر اساتذہ کے خلاف کی جانے والی کارروائی کی تفصیلی رپورٹ مقررہ وقت کے اندر سیکرٹریٹ کو ارسال کی جائے





