پشاور: خیبرپختونخوا حکومت نے نجی تعلیمی اداروں میں طلبہ اور اساتذہ کی حفاظت یقینی بنانے کے لیے اسکولوں کی عمارتوں کا فٹنس سرٹیفکیٹ لازمی قرار دے دیا ہے۔
خیبرپختونخوا پرائیویٹ اسکولز ریگولیٹری اتھارٹی (پی ایس آر اے) نے صوبے بھر کے نجی اسکولوں کے سربراہان کو اس حوالے سے باضابطہ ہدایات جاری کر دی ہیں۔
اتھارٹی کے اعلامیے کے مطابق نجی اسکولوں کی رجسٹریشن کے لیے عمارت کا فٹنس سرٹیفکیٹ جمع کرانا ضروری ہوگا، جبکہ فٹنس سرٹیفکیٹ کے بغیر کسی بھی اسکول کی رجسٹریشن نہیں کی جائے گی۔اس اقدام کا مقصد تعلیمی اداروں کی عمارتوں کی حفاظت اور طلبہ و تدریسی عملے کے لیے محفوظ تعلیمی ماحول کو یقینی بنانا ہے۔ عمارتوں کی فٹنس کی تصدیق سے عمارت کی مجموعی حالت اور ممکنہ حفاظتی خطرات کا جائزہ لینے میں مدد ملے گی۔
نجی اسکولوں کی انتظامیہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ رجسٹریشن کے عمل کے دوران مقررہ تقاضے پورے کریں اور عمارت کا فٹنس سرٹیفکیٹ متعلقہ اتھارٹی کے پاس جمع کرائیں۔
اس فیصلے کے تحت اب نجی تعلیمی اداروں کے لیے صرف تعلیمی اور انتظامی تقاضے پورے کرنا کافی نہیں ہوگا بلکہ اسکول کی عمارت کی فٹنس کا ثبوت فراہم کرنا بھی رجسٹریشن کی بنیادی شرط ہوگی





