کراچی: وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے چین کے شنگھائی الیکٹرک گروپ کو صوبے میں سمندری پانی کو قابلِ استعمال بنانے، قابلِ تجدید توانائی، توانائی ذخیرہ کرنے کے نظام اور صنعتی ترقی کے منصوبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دی ہے۔
ان تجاویز پر شنگھائی میں کمپنی کے مرکزی دفتر میں شنگھائی الیکٹرک گروپ کے چیئرمین وو لی اور دیگر اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ ملاقات کے دوران تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں دونوں فریقوں نے جاری منصوبوں اور سرمایہ کاری کے مواقع کا جائزہ لیا۔
مراد علی شاہ نے کراچی میں پانی کی فراہمی کے مسائل حل کرنے کے لیے سندھ حکومت کے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ فریم ورک کے تحت سمندری پانی کو قابلِ استعمال بنانے کا پلانٹ قائم کرنے کی تجویز پیش کی۔
ملاقات کے دوران کمپنی کے حکام نے وزیراعلیٰ کو چین کے صوبے ہیبئی میں شنگھائی الیکٹرک کے پانی صاف کرنے والے منصوبوں کے بارے میں بریفنگ دی، جن میں روزانہ 75 ہزار ٹن پانی صاف کرنے کی صلاحیت رکھنے والا پلانٹ بھی شامل ہے۔
اس منصوبے میں ملٹی ایفیکٹ ڈسٹلیشن ٹیکنالوجی پر مبنی ایک پلانٹ بھی شامل ہے، جو روزانہ 25 ہزار ٹن پانی صاف کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ پانی کی قلت کا سامنا کرنے والے کراچی اور سندھ کے دیگر ساحلی علاقوں میں بھی اسی نوعیت کی ٹیکنالوجی استعمال کی جا سکتی ہے۔
وزیراعلیٰ نے شنگھائی الیکٹرک کو ہوا اور شمسی توانائی کے منصوبوں، بیٹری اسٹوریج سسٹمز اور کوئلے پر مبنی کیمیائی صنعتوں میں سرمایہ کاری کی دعوت بھی دی۔
انہوں نے صنعتی سرگرمیوں اور روزگار کے مواقع بڑھانے کے لیے سندھ کے خصوصی اقتصادی زونز میں قابلِ تجدید توانائی کے آلات کی تیاری اور اسمبلنگ کے کارخانے قائم کرنے کی تجویز پیش کی۔
تھرپارکر میں کمپنی کے منصوبوں پر گفتگو کرتے ہوئے مراد علی شاہ نے ضلعے میں روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور فنی تربیت کی فراہمی میں شنگھائی الیکٹرک کے کردار کو سراہا۔
انہوں نے کمپنی پر زور دیا کہ وہ مقامی آبادی، خصوصاً خواتین کے لیے روزگار کے مزید مواقع پیدا کرے اور علاقے میں جاری منصوبوں میں ان کی شرکت بڑھائے۔
وزیراعلیٰ نے سندھ کے انجینئرز، فنی ماہرین اور توانائی کے شعبے سے وابستہ سرکاری افسران کے لیے چین میں شنگھائی الیکٹرک کی تنصیبات پر تربیتی پروگرام شروع کرنے کی تجویز بھی دی۔
اس پروگرام کا مقصد ٹیکنالوجی کی منتقلی، پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافہ اور صوبے میں توانائی و بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں کو چلانے کی استعداد بہتر بنانا ہوگا۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ پانی صاف کرنے، توانائی کی پیداوار اور صنعتی ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون سندھ کی بنیادی ڈھانچے سے متعلق ضروریات پوری کرنے میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔
ملاقات کے اختتام پر سندھ حکومت اور شنگھائی الیکٹرک گروپ کے درمیان ممکنہ سرمایہ کاری اور تکنیکی تعاون کے مواقع پر مزید تبادلہ خیال کیا گیا۔





