اسلام آباد: اسلام آباد، راولپنڈی، کوہاٹ، کرک، میانوالی اور دنیا پور میں ہونے والی بارش کے بعد نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہو گیا۔ جھنگ، چشمہ، دریا خان، کچا گجرات اور پپلاں میں بھی بارش ریکارڈ کی گئی۔ کندیاں میں بارش کا پانی رہائشی مکانات میں داخل ہو گیا اور گلیوں میں جمع ہو گیا، جبکہ بجلی کے فیڈر ٹرپ ہونے سے متعدد متاثرہ علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی۔
بارشوں کے پیش نظر واٹر اینڈ سینیٹیشن ایجنسی نے راولپنڈی میں رین ایمرجنسی نافذ کر دی ہے، اور نشیبی علاقوں میں فیلڈ افسران، آپریشنل عملہ اور نکاسی آب کی مشینری تعینات کر دی ہے۔ نالہ لئی میں پانی کی سطح کی نگرانی کے مطابق کٹاریاں کے مقام پر پانی پانچ فٹ اور گوالمنڈی پل پر دو فٹ ریکارڈ کیا گیا، جو معمول کی حد میں ہے۔
پاکستان محکمہ موسمیات نے اگلے 24 گھنٹوں کے دوران تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ مزید بارش کی پیشگوئی کی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد، کشمیر، اٹک، بہاولنگر، چکوال، چنیوٹ، فیصل آباد، گوجرانوالہ، گجرات، سرگودھا، حافظ آباد، جھنگ، جہلم اور لاہور میں چند مقامات پر بارش کا امکان ہے، جبکہ بھکر، ڈیرہ غازی خان، خوشاب، میانوالی اور راوی و ستلج کے بالائی آبی علاقوں میں تیز بارش ہو سکتی ہے۔ خیبر پختونخوا میں بنوں، ڈیرہ اسماعیل خان، کرک، لکی مروت اور ٹانک سمیت گلگت بلتستان کے چند علاقوں میں بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے، جبکہ سندھ اور بلوچستان کے زیادہ تر حصوں میں موسم خشک رہے گا۔





