شیخوپورہ: شیخوپورہ کے تھانہ بھکھی کی حدود میں گاؤں داموآنہ کے ایک گھر سے ایک خاتون اور اس کے دو کمسن بچوں کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔ پولیس نے خاتون کے شوہر کو حراست میں لے لیا ہے۔
پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں خاتون، اس کی چھ سالہ بیٹی اور چار سالہ بیٹا شامل ہیں۔ تینوں کے جسم پر تیز دھار آلے کے زخم تھے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق خاتون گزشتہ دو سال سے ناراض ہو کر میکے میں رہ رہی تھی، اور اس کا شوہر دو روز قبل صلح کے بعد اسے گھر واپس لایا تھا۔
پولیس کے مطابق شوہر نے ابتدائی پوچھ گچھ میں دعویٰ کیا کہ خاتون نے خود کو اور بچوں کو ایک کمرے میں بند کر لیا تھا، اور بچوں کی جان لینے کے بعد اپنی جان لے لی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ شوہر سے تفتیش جاری ہے، اور واقعے کی اصل وجوہات اور حالات کا تعین تحقیقات اور پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد ہوگا۔





