پشاور: ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ اینڈ اسمگلنگ سرکل پشاور نے کارروائی کرتے ہوئے انسانی اسمگلنگ اور ویزا فراڈ میں ملوث مبینہ نیٹ ورک کے دو ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔
ایف آئی اے کے ترجمان کے مطابق پہلی کارروائی میں ایک ملزم کو چارسدہ سے گرفتار کیا گیا، جو امیگریشن آرڈیننس 1979 کی متعلقہ دفعات کے تحت مطلوب تھا۔ ملزم پر شہریوں سے رقوم بٹورنے اور لائسنس کے بغیر غیر قانونی ایجنٹ کا کاروبار چلانے کا الزام ہے۔ اس کے قبضے سے تین لاکھ تین ہزار روپے نقد اور اہم دستاویزات برآمد ہوئیں۔
ترجمان کے مطابق گرفتار ملزم کی نشاندہی پر پشاور میں ڈینز ٹریڈ سینٹر کے سامنے چھاپہ مار کر دوسرے مبینہ ایجنٹ کو بھی گرفتار کر لیا گیا۔ اس کے قبضے سے متعدد پاسپورٹ اور ورک پرمٹ سے متعلق دستاویزات برآمد ہوئیں۔
ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ دونوں ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے، اور نیٹ ورک کے دیگر ارکان کی گرفتاری کے لیے کوششیں کی جا رہی ہیں۔





