پشاور: کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے بڈھ بیر کے علاقے جانے خوڑ میرہ باچا خیل میں انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں 5 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔
سی ٹی ڈی کے مطابق ہلاک دہشت گردوں کی شناخت کا عمل جاری ہے، جبکہ کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کا کمانڈر تاج محمد عرف شینے اپنے 2 سے 3 ساتھیوں سمیت فرار ہوگیا۔
سی ٹی ڈی کے مطابق دہشت گرد قانون نافذ کرنے والے اداروں پر حملے کی منصوبہ بندی کررہے تھے۔ آپریشن کے دوران فائرنگ کا تبادلہ 20 سے 25 منٹ تک جاری رہا۔
کارروائی کے بعد ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے 3 کلاشنکوف، 2 پستول، ایک دستی بم، 6 میگزین اور متعدد کارتوس برآمد ہوئے۔
سی ٹی ڈی کے مطابق فرار دہشت گردوں کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔





