کراچی: نارتھ کراچی میں ایک 70 سالہ شخص کو مبینہ طور پر اس کے بیٹے نے سوتے ہوئے تیز دھار آلے سے قتل کر دیا، اور سر تن سے جدا کر کے ساتھ لے گیا۔ مقتول کا سر اتوار کو 4 کے چورنگی کے قریب ایک کچرا کنڈی سے برآمد ہوا۔
پولیس کے مطابق واقعہ تھانہ بلال کالونی کی حدود سیکٹر 5-ایم میں پیش آیا۔ ہفتے کی رات پولیس کو گھر سے بزرگ شہری کی سر کے بغیر لاش ملی تھی، جس کے بعد سر اور ملزم کی تلاش شروع کی گئی۔
اتوار کی صبح پولیس کو اطلاع ملی کہ 4 کے چورنگی کے قریب کچرا کنڈی میں ایک انسانی سر پڑا ہے۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر سر تحویل میں لیا، اور قانونی کارروائی کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا۔ متعلقہ تھانے کے ایس ایچ او نے تصدیق کی کہ برآمد ہونے والا سر اسی بزرگ شہری کا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم واقعے کے بعد فرار ہو گیا تھا، اور اس کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ پولیس کے مطابق ملزم مبینہ طور پر ذہنی بیماری کا شکار ہے، تاہم قتل کی وجہ تاحال واضح نہیں، اور تفتیش جاری ہے۔





