پشاور: سینیٹر خرم ذیشان نے پارٹی عہدے اور سینیٹ کی نشست سے استعفیٰ دینے کا فیصلہ کرلیا ہے، ان کا کہنا ہے کہ وہ اپنا استعفیٰ کل پارٹی قیادت، بشمول چیئرمین، جنرل سیکرٹری، اپوزیشن لیڈر اور پارلیمانی لیڈر کو ارسال کردیں گے۔
اپنے بیان میں سینیٹر خرم ذیشان نے کہا کہ پارٹی قیادت کی ہدایت پر وہ خود سینیٹ میں چیئرمین سینیٹ کے سامنے پیش ہوکر استعفے سے متعلق تمام قانونی تقاضے پورے کرنے کے لیے تیار ہیں۔انہوں نے واضح کیا کہ اگر پارٹی فیصلہ کرتی ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی خاطر انہیں اپنا ووٹ استعمال کرنا چاہیے اور ان کا استعفیٰ قبول نہیں کیا جاتا تو بھی ان کا ووٹ عمران خان کی امانت ہے، جس میں وہ خیانت نہیں کریں گےسینیٹر خرم ذیشان کا کہنا تھا کہ وہ پارٹی کو آگاہ کررہے ہیں کہ آئندہ کسی بھی انتخاب میں کسی ٹکٹ کے خواہشمند نہیں ہوں گے، خواہ وہ سینیٹ کا انتخاب ہو یا کوئی اور الیکشن
انہوں نے کہا کہ وہ آئندہ صرف ایک عام پارٹی کارکن اور عام پاکستانی کی حیثیت سے اپنے ضمیر کے مطابق عمران خان کی جدوجہد میں ان کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔گولڈ مائننگ کے الزامات پر قانونی کارروائی کا اعلان گولڈ مائننگ کے الزامات پر ردعمل دیتے ہوئے سینیٹر خرم ذیشان نے الزام لگانے والوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اگر جھوٹ بولا ہے تو اس پر قائم بھی رہیں، آدمی کو صاحب کردار ہونا چاہیے۔
انہوں نے مزید اعلان کیا کہ گولڈ مائننگ سے متعلق الزامات پر اپنے وکیل دوستوں سے مشاورت کے بعد بہت جلد ہتک عزت (Defamation) کی قانونی کارروائی شروع کریں گے، جبکہ الزام لگانے والوں کو آئندہ چند روز میں قانونی نوٹس بھی بھجوائے جائیں گے۔




